بیوہ جائیداد تقسیم ہونے سے پہلے شادی کر لے تو کیا اس کا بھی حصہ ہے؟

 

سوال نمبر 2187

 السلام علیکم ورحمةاللہ وبرکاتہ 

کیافرماتےہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ میں کہ جائیداد کی تقسیم سے پہلے بیوہ نے دوسری شادی کر لی تو اسکو حصہ ملیگا کہ نہیں ؟

براہ مہربانی جواب عنایت فرمائیں ۔۔۔۔

المستفتی - بابل اختر ، گوہاٹی ،آسام۔۔۔




وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ 

الجواب۔بعون الملک الوھاب :

جائیداد تقسیم کرنے سے پہلے بیوہ نے اگر دوسری شادی کرلی تو بھی وہ اپنے شوہر مرحوم کے مال متروکہ سے اپنا حصہ پانے کاحق رکھتی ہے اس کو مرحوم شوہر کے مال سےحصہ ملے گا ۔ اگر کوئ اولاد ہے تو اس بیوہ کو آٹھواں حصہ اور اگر کوئ اولاد نہیں تو اس کو چوتھا حصہ ملےگا ۔ اس بیوہ کا حق نہ دینے پر سبھی ورثہ گنہگار و مستحق عذاب نار ہونگے ۔ 


جیساکہ استاذالفقہاء حضور فقیہ ملت علامہ مفتی جلال الدین احمد الامجدی علیہ الرحمةوالرضوان تحریرفرماتےہیں ،، دوسری شادی کرنے کے بعد بھی عورت اپنے متوفی شوہر کی جائداد میں حصہ پانے کی مستحق ہے اگر اس کےخاوند نے کوئی اولاد نہیں چھوڑی تو اس صورت میں اس کی کل جائدادمیں سے ١/٤ حصہ بیوی کا ہے اور اگر لڑکی یا لڑکا کوئی اولاد چھوڑ کر مرا ہے تو ١/٨ حصہ ہے ۔ 

ارشادباری تعالی :۔وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ اِنْ لَّمْ یَكُنْ لَّكُمْ وَلَدٌۚ-فَاِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُمْ مِّنْۢ بَعْدِ وَصِیَّةٍ تُوْصُوْنَ بِهَاۤ اَوْ دَیْنٍؕ-

اور تمہارے ترکہ میں عورتوں کا چوتھائی ہے اگر تمہارے اولاد نہ ہو پھر اگر تمہارے اولاد ہو تو ان کا تمہارے ترکہ میں سے آٹھواں جو وصیت تم کر جاؤ اور دَین نکال کر 

(پارہ ٤ سورہ النساء، رکوع ١٣ آیت ١١ )

لھذا اگرخاوند کے ورثہ اس کا پورا حصہ نہیں دیں گے تو سخت گنہگار حق العبد میں گرفتار اور مستحق عذاب نار ہونگے ۔ اور اگر عورت کو اس کا مہر نہیں ملاہے اور نہ اس نے معاف کیا ہے تو وہ خاوند کی جائدادسے اپنا مہر وصول کرسکتی ہے اور اس کے ورثہ نہ دیں تو ان پر دعویٰ کرسکتی ہے ۔ 

(فتاوی فیض الرسول جلددوم صفحہ ٧٢٨ )

وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب 


کتبه :العبد ابوالفیضان محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ 

دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام 

بتھریاکلاں ڈومریا گنج سدھارتھ نگر یوپی ۔ 

٢٦ محرم الحرام ١٤٤٤ھ 

٢٥ اگست ٢٠٢٢ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney