طلاق سے قبل شوہر سے دور تھی تو عدت کا کیا حکم ہے؟

 سوال نمبر 2302

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع متین اس مسئلہ میں کہ اگر کوئی مدخولہ عورت دو مہینے سے اپنے میکے میں ہے اور اس کے شوہر نے اسے تین طلاقیں دے دی ہیں اب وہ عورت دوسرے آدمی سے نکاح کرنے کے لئے کتنی عدّت گزارے گی، کیا وہ دو مہینہ جو طلاق سے پہلے اپنے میکے میں رہی وہ مہینے عدّت میں شمار ہوں گے یا نہیں؟ جواب عنایت فرمائیں۔
(سائل:محمد شاکر خان بہرائچ شریف)
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ۔
باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب:اگر اس عورت کو ماہواری آتی ہو تو اس کی عدّت مکمل تین حیض ہے جبکہ وہ حاملہ نہ ہو ورنہ اس کی عدّت وضعِ حمل یعنی بچہ جننا ہے لہٰذا بچہ پیدا ہونے پر اس کی عدّت پوری ہوجائے گی اور اگر وہ نابالغہ ہو یا وہ عمر کے حساب سے بالغہ ہوئی اور ابھی تک حیض نہ آیا ہو یا زیادہ عمر ہونے کی وجہ سے اسے حیض آنا بند ہوگیا ہو تو اس کی عدّت اسلامی مہینے کے اعتبار سے تین ماہ ہوگی۔چنانچہ قرآنِ کریم میں ہے:وَ الْمُطَلَّقٰتُ یَتَرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِهِنَّ ثَلٰثَةَ قُرُوْٓءٍ۔(البقرة:٢٢٨/٢)
ترجمۂ کنز الایمان،اور طلاق والیاں اپنی جانوں کو روکے رہیں تین حیض تک۔
   اور فرمایا:وَاللاَّئِي یَىٕسْنَ مِنَ الْمَحِیْضِ مِنْ نِّسَآىٕكُمْ اِنِ ارْتَبْتُمْ فَعِدَّتُهُنَّ ثَلٰثَةُ اَشْهُرٍ وَّاللاَّئِي لَمْ یَحِضْنَ وَ اُولَاتُ الْاَحْمَالِ اَجَلُهُنَّ اَنْ یَّضَعْنَ حَمْلَهُنَّ۔
ترجمۂ کنز الایمان،اور تمہاری عورتوں میں جنھیں حیض کی امید نہ رہی اگر تمہیں کچھ شک ہو تو ان کی عدّت تین مہینے ہے اور ان کی جنہیں ابھی حیض نہ آیا، اور حمل والیوں کی میعاد یہ ہے کہ وہ اپنا حمل جَن لیں۔
   اور طلاق سے پہلے اس عورت کے اپنے میکے میں گزرنے والے ایام عدّت میں شمار نہیں ہوں گے کیونکہ مطلّقہ کی عدّت بعدِ طلاق شروع ہوتی ہے۔چنانچہ علامہ ابو الحسین احمد بن محمد قدوری حنفی متوفی٤٢٨ھ لکھتے ہیں:ابتداء العدة فی الطلاق عقیب الطلاق۔
(مختصر القدوری مع شرحہ الجوھرة النیرة،٧٨/٢)
یعنی،طلاق میں عدّت بعدِ طلاق شروع ہوتی ہے۔
   لہٰذا اگر اس عورت کی طلاق کے بعد عدّت ختم ہوچکی ہے تو وہ بلاشبہ دوسرے مرد سے نکاح کرسکتی ہے ورنہ وہ عدّت گزرنے کا لازمی انتظار کرے کہ اِس سے پہلے وہ دوسرا نکاح نہیں کرسکتی ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ:۔
محمد اُسامہ قادری
پاکستان،کراچی
٧/ربیع الآخر،١٤٤٤ھ۔٣/نومبر،٢٠٢٢م







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney