مسجد کا رقم کسی اور کام میں لگانا کیسا ہے؟

(سوال نمبر 2308)

 السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین کہ مسجد اور اس سے ملحق مکتب کی کافی رقم بینک اکاؤنٹ میں جمع ہے تو کیا اسے مسجد اور اس سے ملحق مکتب کے علاوہ کسی دینی کام میں استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں مثلاً مدارس یا غریب مسلمانوں کے بچوں کی عصری تعلیم یا نادار بچیوں کی شادی وغیرہ‌
 جبکہ تمام رقم مسجد اور اس سے ملحق مکتب کے نام سے ہی جمع کیا گیا ہے اور اب بھی آمدنی ہوتی رہتی ہے اخراجات سے زیادہ ہی
2 استعمال کرنے کا کوئی طریقہ عندالشرع ہے یا نہیں۔
بینوا و تواجرو
المستفتی: بزم نور محمدی نوجوان کمیٹی دھاراوی

وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
 الجواب بعون الملک الوھاب
 جو چندہ مسجد اور اس سے ملحق مکتب کے نام پر کیا گیا ہے اس کو اس مسجد اور اس سے ملحق مکتب کے علاوہ دیگر کاموں میں صرف کرنا جائز نہیں اگرچہ اخراجات سے کئی گنا زیادہ آمدنی ہو ۔
 فتاویٰ عالمگیری میں ہے  "لا يجوز تغيير الوقف عن ھیئته فلا یجعل الدار بستانًا ولا الخان حمامًا ولا الرباط دکانًا إلًا اذا جعل الواقف الی الناظر مايری فيه مصلحۃ الوقف كذا في السراج الوهاج" *(جلد دوم صفحہ ٤٤١)*
اور حضور صدرالشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے اور ہیں چندہ دينے والے جس مقصد کے لیے چندہ ديں تو اسی مقصد میں وہ صرف کی جاسکتی ہے دوسرے میں صرف کرنا جائز نہیں(فتاوی امجديہ جلد سوم صفحہ ٤٢)
 دوسرے کاموں میں استعمال کرنے کا طریقہ یہی ہے کہ جن جن سے چندہ لیا گیا ہے ان سے اجازت لیں اگر وہ اجازت دے دیں تو دوسرے نیک کاموں میں صرف کرنے میں کوئی قباحت نہیں لیکن مسجد میں دور دراز کے آئے نمازی بھی چندہ دیتے ہیں ہر ایک سے اجازت لینا دشوار ہے۔
 
سوال سے ظاہر کہ مسجد اور اس سے ملحق مکتب کے لئے کثیر رقم جمع ہے اس لیے ذمہ دران مسجد و مدرسہ پر لازم ہے کہ اس رقم کو اسی میں صرف کریں اس کے علاوہ میں ہرگز نہ کریں البتہ جدید چندہ جمع کرنے سے قبل یہ اعلان کر کے لیں کہ اسے دیگر دینی کاموں پر خرچ کریں گے مسجد میں کافی رقم موجود ہے اس لیے یہ چندہ مسجد کے لئے نہیں کیا جا رہا ہے تو اب اس صورت میں جو چندہ بعد اعلان دیگر دینی کاموں کے نام پر جمع ہو اس سے دیگر دینی کام کرسکتے ہیں۔
واللہ اعلم بالصواب
کتبہ
 محمد مدثر جاوید رضوی
 مقام۔ دھانگڑھا، بہادر گنج
 ضلع۔ کشن گنج، بہار







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney