مسافر عیدین وجمعہ پڑھاسکتاہے؟

 السلام علیکم و رحمۃ الله وبرکاتہ 

حضرت سوال یہ ہے کہ (١)  مسافر پر نماز عید واجب ہے یا نہیں؟

(٢) ہمارے یہاں نماز عید پڑھانے، کے لے پیر صاحب آتے ہیں جو کہ وہ مسافرت میں ہوتے ہیں نماز قصر پڑھتے ہیں وہی نماز عید پڑھاتے ہیں انکو نماز عید پڑھانا کیسا ہے جائز ہے کہ نہیں؟

جواب عنایت فرماتے۔


المستفتی؛ محمد عمر سنبھل یوپی



                  بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ


الجواب بعون الملک الوھاب:(١) مسافر پر نماز عید واجب نہیں ہے کیونکہ نماز عید اسی پر واجب ہے جس پر جمعہ واجب ہے۔

جیساکہ مختار میں ہے:

تجب صلاتھما فی الاصح علی من تجب علیہ الجمعۃ بشرائطھا المتقدمۃ سوی الخطبۃ۔(در مختار ج ۳ ص ۴۵)

یعنی مذہب صحیح کے مطابق عیدین کی نماز انہیں پر واجب ہے جن پر مذکورہ شرطوں کے ساتھ جمعہ واجب ہے، عیدین میں خطبہ شرط نہیں ہے ـــ

حضور صدر الشریعہ علامہ امجد علی اعظمی علیہ الرحمۃ اپنی مایہ ناز تصنیف بہار شریعت میں فرماتے ہیں:

عید کی ادا کی وہی شرطیں ہیں جو جمعہ کے لیے ہیں صرف اتنا فرق ہے کہ جمعہ میں خطبہ شرط ہے اور عیدین میں سنت۔(بہار شریعت حصہ چہارم ص ۷۷۹)۔

اور نماز جمعہ کے لئے مقیم ہونا شرط ہے مسافر پر جمعہ واجب نہیں ہے۔ 


(٢): اگر مسافر صالحِ امامت ہے اور ان کو أعلم علماء بلد سے نمازِ عید قائم کرنے کی اجازت بھی حاصل ہے تو بلاشبہ ان کی اقتدا میں ادا کی گئی نمازِ عید صحیح و درست ہوگی کہ نمازِ عید کی امامت کے لیے مقیم ہونا شرط نہیں۔


در مختار میں ہے:


ویصلح للامامة فیها من صلح لغیرها فجاز لمسافر وعبد ومریض (در مختار ج ۳ ص ۳۰)


بہارِ شریعت میں ہے:


جمعہ کی امامت ہر مرد کرسکتا ہے جو اور نمازوں میں امام ہوسکتا ہے اگرچہ اس پر جمعہ فرض نہ ہو جیسے مریض، مسافر غلام (بہارِ شریعت ج ۱ ص ۷۷۲)


نمازِ عید چوں کہ نمازِ جمعہ ہی کی طرح، تو جس طرح مسافر جمعہ کی امامت کر سکتا ہے اسی طرح نمازِ عید کی بھی امامت کرسکتا ہے۔


حضور سیدی سرکار اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قدس سرہ العزیز فرماتے ہیں:

"نمازِ عید مثلِ نمازِ جمعہ ہے" (فتاویٰ رضویہ شریف ج ۳ ص۸۰۶)۔


لہذا صورت مسئولہ میں پیر صاحب جو کہ مسافر ہیں وہ نماز عید کی امامت کرسکتے ہیں جبکہ وہ صالح امامت ہیں اور انہیں عید کی نماز کی امامت اعلم علماء بلد سے حاصل ہو۔ واللّٰه تعالیٰ عزوجل و رسوله ﷺ أعلم بالصواب۔

کتبه:-   وکیل احمد صدیقی نقشبندی پھلودی۔

خادم:-  الجامعۃ الصدیقیۃ سوجا شریف باڑمیر راجستھان۔

٢١/ ذی الحجہ 1444ھجری      بروز پیر 

10/ جولائی 2023 عیسوی


الجواب صحیح و المجیب نجیح محمد اسامہ قادری



مسائل شرعیہ کے جملہ فتاوی کے لئے یہاں کلک کریں

فتاوی مسائل شرعیہ کے لئے یہاں کلک کریں 







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney