طلاق دے دیں گے کہا تو کیا حکم ہے

 سوال نمبر 2455


السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

الإستفتاء: کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع متین اس مسئلہ میں کہ زید نے اپنی بیوی کو تین بار کہا طلاق دے دیں گے (اس بات کا میاں بیوی دونوں اقرار کرتے ہیں) اور زید اس جملہ سے یہ سمجھا کہ طلاق ہوگئی جس کی وجہ سے بکر، عمر ، فہد ، ہندہ  سے بولا کہ میں اپنی بیوی کو تین طلاق دے دیا ہے، مزید یہ بھی کہا کہ ناک کا کھٹلا اور چوڑی نکال لو۔ نیز اگر زید بیوی سے کہے طلاق دے دیں گے لیکن اپنے امام اور اپنے بھاٸی سے کہے ہم نے اپنی بیوی کو تین طلاق دے دیا ہے۔ نیز اپنی ماں سے بھی کہا کہ طلاق دے دیئے ہیں۔ حضور والا کی بارگاہ میں عریضہ ہے کہ ہر پہلو پر غور فرماتے ہوئے قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔

(المستفتی: قاری صدرعالم ، ہند)


وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب:برتقدیر صدقِ مستفتی زید نے جب بھائی وغیرہ کے سامنے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دینے کا اقرار کیا اگرچہ بوجہِ جہالت غیر طلاق کو طلاق گمان کرتے ہوئے، تو اس کی زوجہ پر اسی وقت طلاقِ مغلظہ واقع ہوگئی۔

   چنانچہ علامہ سید احمد بن محمد حموی حنفی متوفی١٠٩٨ھ لکھتے ہیں:ولو اقر بطلاق زوجتہ ظانًا الوقوع بإفتاء المفتی، فتبین عدمہ لم یقع أی دیانۃً، أما قضاءً: فیقع کما فی "القنیۃ" لإقرارہ بہ۔

(غمز عیون البصائر، النوع الثانی من القواعد، القاعدۃ السابعۃ عشر: لا عبرۃ بالظن البین خطأہ، المسائل المستثناۃ من ھذہ القاعدۃ،٤٠٠/١)

   یعنی، اگر کوئی شخص مفتی کے فتویٰ دینے کے سبب وقوعِ طلاق گمان کرتے ہوئے اپنی زوجہ کو طلاق دینے کا اقرار کرے پھر طلاق نہ ہونا ظاہر ہو تو دیانۃً طلاق واقع نہ ہوگی لیکن قضاءً واقع ہو جائے گی جیسا کہ "قنیہ" میں ہے کیونکہ یہ اقرارِ طلاق ہے۔

   اور صدر الشریعہ محمد امجد علی اعظمی حنفی متوفی١٣٦٧ھ "الفتاوی الخیریۃ" کے حوالے سے لکھتے ہیں:عورت کو طلاق نہیں دی ہے مگر لوگوں سے کہتا ہے میں طلاق دے آیا تو قضاء ہوجائے گی اور دیانۃً نہیں اور اگر ایک طلاق دی ہے اور لوگوں سے کہتا ہے تین دی ہیں تو دیانۃ ایک ہوگی قضاء تین، اگرچہ کہے کہ میں نے جھوٹ کہا تھا۔

(بہار شریعت، طلاق کا بیان، صریح کا بیان، حصہ ہشتم، ١١٩/٢)


واللہ تعالیٰ أعلم بالصواب


کتبہ:

محمد اُسامہ قادری، پاکستان، کراچی


منگل، ٩/ ربیع الآخر، ١٤٤٥ھ ۔ ٢٤/ اکتوبر، ٢٠٢٣ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney