سوال نمبر 2457
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماء کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سب سے آخر میں وصال فرمانے والے صحابی رسول صلی اللہ علیہ وسلم کون ہیں اور ان کا نام کیا ہے ؟
سائل: غلام مصطفیٰ جونپور یوپی
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب:
سب سے آخر میں وصال فرمانے والے صحابی رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت عامر بن واثلہ کنیت ابو طفیل رضی اللہ تعالی عنہ ہیں اسی پر تمام علماء کرام کا اتفاق ہے ،
آپ کا وصال مبارک کے سال سن ہجری میں اختلاف ہے ایک قول یہ ہے کہ ۱۱۰ھ میں وصال ہوا ،
شيخ الاسلام حضرت احمد بن محمد بن على بن حجر الہیتمی الشافعی رحمۃ اللہ علیہ متوفی ٩٧٤ ھ فرماتے ہیں !
" صحابۂ کرام میں سب سے آخر میں وصال فرمانے والے صحابی حضرت ابو الطفیل رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں جن کا وصال ۱١۰ ھجری میں ہوا ہے ۔
جیسا کہ صحیح مسلم میں ہے اور علماء کا اتفاق ہے کہ صحابہ کرام میں سب سے آخر میں وصال فرمانے والے حضرت ابوالطفیل رضی اللہ عنہ ہیں "
(فتاویٰ حدیثیہ صفحہ ٤٩٨ مکتبہ فاروقیہ دہلی)
حضرت علامہ امام ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ،
مسلم کا قول ہے , ۱۰۰ھ میں وفات پائی اور صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم میں وفات پانے والوں میں آخری تھے۔ ابن برقی کا قول ہے: ۱۰۲ ھ میں وفات پائی ، وہ اپنا نام اور کنیت دونوں سے مشہور ہیں اور بحوالہ مبارک بن فضالہ ۱۰۷ ھ میں وفات پائی۔ وہب بن جریر بن حازم نے اپنے والد کے حوالے سے بتایا: ۱۱۰ھ میں میں مکہ میں تھا۔ میں نے ان کا جنازہ دیکھا اور اس بارے میں دریافت کیا، مجھ سے کہا گیا کہ یہ ابوطفیل ہیں،
( الاصابۃ فی تمییز الصحابۃ ج ۷ ص ۲۱۲ مکتبہ رحمانیہ لاہور )
واللہ تعالیٰ اعلم
کتبہ
محمد معراج رضوی واحدی سنبھل
0 تبصرے