سوال نمبر 2469
السلام علیکم و رحمۃاللہ وبرکاتہ
علماء کرام کی بارگاہ میں ایک سوال عرض ہے کہ زید نے ایک مرتبہ بات چیت کے دوران کہا کہ ہمارے پیر صاحب نے کہا ہے کہ قرآن کے چالیس پارے ہیں 30 عوام کے لیے باقی 10 ہمارے سینے میں ہے ؟
اس بات پر زید اور پیر صاحب پر شرعا کیا حکم ہوگا ؟
المستفتی: محمد رضوان رضا سورت
بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب:
برصدق مستفتی زیدکا پیر کافر و مرتد ہے اور اگر زید اپنے پیر کے کفریہ عقیدے کو حق جانتا ہے تو زید بھی کافرہے!
کیوں کہ قرآن مجید میں پہلے پارے سے تیسویں پارے کی سورہ ناس تک ایک حرف بھی گھٹانا کہ یہ قرآن سے نہیں ہےیاالگ سے کچھ بڑھانا کہ یہ قرآن سے ہے یا ایسا قبیح عقیدہ رکھنا صریح کفر ہے!
شارح بخاری مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ:
جس نے یہ کہا کہ قرآن مجید چالیس پارے ہیں دس پارے کو خاص لوگ جانتے ہیں۔ کافر مرتد اسلام سے خارج ہے۔ اس سے میل جول ، سلام کلام حرام و گناہ ہے۔ اس سے علاج کرانا اپنے کو فتنے میں ڈالنا ہے ، وہ جو کچھ بولتا ہے سب جھوٹ ہے فریب ہے۔
(کتاب العقائد، عقائد متعلقہ قرآن کریم، جلد ۱، صفحہ ٦٤٣، مطبوعہ دائرۃ البرکات گھوسی ضلع مئو)۔
شہزادۂ اعلیٰ حضرت امام الفقہاء مفتی اعظم ہند حضرت علامہ شاہ ابوالبرکات محمد مصطفیٰ رضا قادری نوری علیہ الرحمہ فرماتے ہیں۔
وہ جاہل پیر روافض کا ہمنوا د ہمسر ہے۔ اس پر اپنے اس گندہ عقیدہ سے تو یہ فرض ہے۔ بعد تو بہ و تجدید ایمان تجدید نکاح بھی اگر بیوی رکھتا ہو کرے۔ قرآن اللہ عزوجل کی وہ مبارک کتاب ہے جس میں کمی و بیشی، تغیر وتبدیل سے حفاظت و صیانت کا خود اسی نے اسی قرآن میں وعدہ فرمایا ہے وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ اور فرمایا لَايَأْتِيهِ الْبَاطِلُ مِن بَيْنِ يَدَيْهِ وَلَا مِنْ خَلْفِهِ اس جاہل نے روافض کی طرح وہ بک کر کہ چالیس پارے تھے ۔ دس پارے کم ہو گئے قرآن کے محفوظ ہونے کا انکار کیا۔ ولاحول ولا قوۃ الا بالله العلى العظيم۔
(فتاویٰ مصطفویہ، صفحہ ۳۲، مطبوعہ شبیر برادرز لاہور)۔
لہذا صورت مستفرہ میں پیر صاحب کافر و مرتد ہے ان پر توبہ و تجدیدِ ایمان و تجدیدِ نکاح لازم ہے۔
انتباہ ۔۔ بالفرض زید اپنے پیر کےکفریہ عقیدے کو حق نہ جانتا مگر اسکو اپنا پیرجانتا ہے تب بھی زید کافر ہے اسلیے کہ شراٸط پیر میں پہلی شرط ہے کہ پیر کا صحیح العقیدہ ہونا یہاں پیر مسلمان ہی نہیں تو وہ پیر کیسے ہوسکتا ہے لہذا زید کا اسکو پیر تسلیم کرنا گویا مسلمان تسلیم کرنا لہذا کسی کافر کو مسلمان جاننا یہ بھی کفر ہے لہذا زید بھی کافر ہوا
کتبه:- محمد وکیل صدیقی نقشبندی پھلودی جودھپور راجستھان (الھند)
٢٥ ربیع الآخر ١٤٤٥۔ بروز سنیچر۔ 11 نومبر 2023۔
0 تبصرے