سوال نمبر 2470
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ۔
بعد سلام علماء کرام و مفتیان عظام سے گزارش ہے کہ ہم لوگ التحیات میں ( یعنی تشھد ) میں ( ایھا النبی) پڑھتے ہیں ۔ تو میرے آقا حضور سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم ۔تشھد میں ( ایھا النبی ) کی جگہ کیا پڑھتے تھے ۔ حوالہ کے ساتھ جواب مل جائے کرم نوازش ہوگی ؟
ساںٔل : محمد ضیاء الحق ۔
سیتاپوری
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الجواب :تشهد میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کبھی "السلام علیک ایھا النبی "اور کبھی السلام عَلَیَّ ، پڑھتے تھے ۔
چنانچہ حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کا علم ہمارے لیے علم حضوری کیونکہ رسالت آپ کا اپنا وصف ہے ، نیز حضور کا کلمہ یہ بھی تھا"اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ ﷲِ " اوریہ بھی کہ " اَشْھَدُ اَنِّیْ رَسُوْلُ ﷲِ"میں ﷲ کا رسول ہوں،کبھی اس طرح کلمہ پڑھتے تھے ، کبھی اس طرح۔اگر ہم کہہ دیں کہ میں رسول ﷲ ہوں تو کافر ہو جائیں۔ایک کلمہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے کلمۂ ایمان ہے اور ہمارے لیے کفر ، التحیات میں بھی ہم پڑھتے ہیں"اَلسَّلَامُ عَلَیْكَ اَیُّھَا النَّبِیُّ"حضور صلی اللہ علیہ وسلم کبھی ایسے بھی پڑھتے تھے،اور کبھی "السلام علی"
(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح ج ١ ص ٣٩٥ تا ٣٩٦ ادبی دنیا دہلی)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ
محمد معراج رضوی واحدی سنبھل
0 تبصرے