دو شخص کی جمااعت میں تیسرا آ جائے تو

 سوال نمبر 2483


اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

 علمائےکرام سے ایک مسئلہ دریافت ہے کہ دوشخص باجماعت نماز پڑھ رہے تھے ایک امام اور دوسرا مقتدی اب تیسرا آدمی درمیان نماز میں شامل ہوا اب کیا امام پر فرض ہے کہ وہ آگے بڑھے یا مقتدی پر کہ وہ پیچھے ہوجائے؟؟

جواب مع حوالہ کے ارسال فرمائیں بڑی مہربانی ہوگی۔


المستفتی: قربان علی سیڑوا باڑمیر راجستھان۔



               (بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیْمِ)

وَ عَلَیْکُمُ السَّلَامُ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

الجواب  بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَابِ: صورت مستفرہ میں امام و مقتدی دونوں پر فرض نہیں بلکہ دونوں میں سے جو بھی آگے یا پیچھے ہوجائے جائز ہے چاہے امام آگے ہوجائے یا مقتدی پیچھے ہوجائے دونوں جائز ہے۔ البتہ مقتدی کا پیچھے ہٹنا افضل ہے۔


جیساکہ علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:

إِذَا إِقْتَدٰى بِإِمَامٍ فَجَاءَ آخَرُ يَتَقَدَّمُ الْإِمَامُ مَوْضَعَ سُجُوْدِهٖ، كَذَا فِيْ مُخْتَارَاتِ النَّوَازِلِ وَ فِيْ الْقَهَسْتَانِيْ عَنٌ الْجَلَابِيْ أَنَّ الْمُقْتَدِيْ يَتَأَخَّرُ عَنِ الْيَمِيْنِ إِلىٰ خَلْفٍ إِذَا جَاءَ آخَرُ اهـ....

ترجمہ: جب ایک مقتدی نے امام کی اقتداء کی پھر دوسرا آیا تو امام اپنے سجدہ گاہ میں آگے بڑھ جائے ایساہی مختارات النوازل میں ہے، اور قہستانی میں جلابی کے حوالہ سے ہے کہ جب دوسرا آئے تو مقتدی دائیں جانب سے پیچھے ہٹ جائے۔

(کتاب الصلوٰۃ، باب الامامة، جلد ٢، صفحہ ٣٠٩، مطبوعہ بیروت-لبنان)۔

اور حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ:

ایک شخص امام کی برابر کھڑا تھا پھر ایک اور آیا تو امام آگے بڑھ جائے اور وہ آنے والا اس مقتدی کی برابر کھڑا ہو جائے یا وہ مقتدی پیچھے ہٹ آئے خود یا آنے والے نے اس کو کھینچا، خواہ تکبیر کے بعد یا پہلے یہ سب صورتیں جائز ہیں ، جو ہو سکے کرے اور سب ممکن ہیں تو اختیار ہے، مگر مقتدی جبکہ ایک ہو تو اس کا پیچھے ہٹنا افضل ہے۔

(بہار شریعت، جلد ۱، حصہ ۳، جماعت کا بیان، صفحہ ٥٨٥، مطبوعہ دعوت اسلامی)۔ وَاللّٰهُ تَعَالٰی عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُهٗ ﷺ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ 



کتبـــــــــــــــــــہ : وکیل احمد صدیقی نقشبندی پھلودی جودھپور راجستھان (الھند)۔

١١ جمادی الثانی ١٤٤٥، بروز پیر۔ 25 دسمبر 2023۔







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney