کیا حالت احرام میں بال گرنے سے دم واجب ہے ؟

 سوال نمبر 2492


اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ 

محترم مفتی صاحب قبلہ کی بارگاہ مین سوال ہے کہ حالت  احرام  مین داڑھی کا بال گرنے سے دم لازم ہوگا یا نہیں؟؟

نیز کیا عمرہ کے سفر سے دو دن پہلے سر منڈانا جائز ہے حالت احرام میں بال گرنے سے بچنے کے لئے۔ براہ کرم رہنمائی فرمائیں عین نوازش ہوگی جزاک اللہ۔

المستفتی: شکیل احمد بنگلور کرناٹک انڈیا 





وَ عَلَیْکُمُ السَّلَامُ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ


الجواب بعون الملک الوھاب: حالت احرام داڑھی کے بال خود بخود محرم کے فعل کے بغیر گرجائے تو کچھ واجب نہیں ہے، لیکن اگر محرم کے فعل سے گرے اور داڑھی کے چہارم یا اس سے زائد گرے تو دم واجب ہے اور اگر چہارم سے کم گرے تو صدقہ دینا ہوگا۔ رہی بات عمرہ کے سفر پر جانے سے قبل سر منڈانے کی تاکہ وہاں بال گرنے سے بچے رہیں تو ایسا کرنا درست ہے شرعاً کوئی قباحت ہے بلکہ بہتر ہے۔

جیساکہ:

لباب المناسک میں ہے: 

وَلَوْ سَقَطَ مِنْ رَأْسِهٖ أَوْ لِحْيَتِهٖ ثَلَاثُ شَعْرَاتٍ عِنْدَ الْوُضُوْءِ أَوْ غَيْرِهٖ فَعَلَيْهِ كَفٌّ مِنْ طَعَامٍ أَوْ كَسْرَةٍ أَوْ تَمَرَةٍ لِكُلِّ شَعْرَةٍ اھ.....

ترجمہ: اور اگر وضو کے وقت سر یا داڑھی کے تین بال گرجائیں تو اس پر ہر بال کے عوض ایک مٹھی بھر کھانا یا روٹی کا ٹکڑا یا کھجور صدقہ کرنا ہوگا۔

(باب الجنایات، فصل فی سقوط الشعر، صفحہ ٢٠٤، مطبوعہ دار قرطبہ)

ھدایہ میں ہے:

وَإِذَا حَلَقَ رُبْعَ رَأْسِهٖ أَوْ رُبْعَ لِحْيَتِهٖ فَصَاعِدًا فَعَلَيْهِ دَمٌ فَإِنْ كَانَ أَقَلَّ مِنَ الرُّبْعِ فَعَلَیْهِ صَدَقَةٌ " 

ترجمہ: سر یا داڑھی کے بال چہارم یا زیادہ کسی طرح دور کیے تو دم ہے اور کم میں صدقہ۔

(جلد ۱، صفحہ ٢٤٨، مطبوعہ مکتبہ رشیدیہ)۔

حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ:

سر یا داڑھی کے بال چہارم بال یا زیادہ کسی طرح دور کیے تو دم ہے اور کم میں صدقہ۔

نیز فرماتے ہیں کہ:

اپنے آپ بے ہاتھ لگائے بال گرجائے یا بیماری سے تمام بال گر پڑیں تو کچھ نہیں۔

(بہار شریعت، جلد ۱، حصہ ٦، صفحہ ١١٧٠, ١١٧١، مطبوعہ دعوت اسلامی)۔

وَاللّٰهُ تَعَالٰی عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُهٗ ﷺ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ 



کتبــــہ : وکیل احمد صدیقی نقشبندی پھلودی جودھپور راجستھان (الھند)۔

١٩ جمادی الثانی ١٤٤٥ھجری۔ بروز منگل۔ ٢ جنوری ٢٠٢٤عیسوی۔







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney