وقت سے افطار سے1 منٹ قبل افطار کرنا

 سوال نمبر 2503

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

الاستفتاء: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین‌‌ اس مسئلہ میں کہ کسی نے اگر وقتِ افطار ایک منٹ پہلے افطار کیا مثلاً ٢٦ رجب المرجب کو افطار کا ٹائم 5:49 کرنٹ لوکیشن موبائل فون بتا رہا ہے لیکن زید نے مغرب کی اذان 5:48 پر غلطی سے دینا شروع کردی اذان دینے سے کچھ لوگوں نے روزہ افطار کرلیا مسئلہ مذکورہ بالا میں جن لوگوں نے روزہ افطار کرلیا ہے' تو کیا ان کا روزہ صحیح ہے یا پھر قضا واجب ہے؟

بحوالہ فقہ کی روشنی میں واضح فرمائیں مہربانی ہوگی۔

سائل محمد وسیم القادری شراوستی





وَ عَلَیْکُمُ السَّلَامُ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

  (بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیْمِ)

الجواب بعون الملک الوھاب: برصدق مستفتی زید نے واقعی اگر اذان وقت سے پہلے دی کہ ابھی سورج غروب نہیں ہوا تھا تو اس اذان کی وجہ سے جس جس نے روزہ افطار کیا ان سب پر اس دن کے روزے کی قضا واجب ہے البتہ کفارہ واجب نہیں ہے۔ کیونکہ روزہ کا وقت سورج مکمل غروب ہونے تک ہے۔

جیساکہ:حضور فقیہ ملت مفتی جلال الدین احمد الامجدی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ:

سورج کے تمام و کمال ڈوبنے کا تعین ہونے پر افطار کا حکم ہے اس لئے کہ اللہ تعالیٰ نے سورج ڈوبنے تک روزے پورے کرنے کا حکم دیا ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: " ثُمَّ أَتِمُّوا الصِّيَامَ إِلَی اللَّيْلِ: ترجمہ ؛ یعنی رات تک روزہ کو پورا کرو۔

(فتاویٰ فقیہ ملت، کتاب الصوم، جلد ۱، صفحہ ٣٤٠، مطبوعہ شبیر برادرز لاہور)۔

صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ القَوی تحریر فرماتے ہیں:’’

کافر تھا مسلمان ہوگیا، نابالغ تھا بالغ ہوگیا، رات سمجھ کر سحری کھائی تھی حالانکہ صبح ہوچکی تھی، غروب سمجھ کر افطار کردیا حالانکہ دن باقی تھا ان سب باتوں میں جو کچھ دن باقی رہ گیا ہے، اُسے روزے کی مثل گزارنا واجب ہے اور نابالغ جو بالغ ہوا یا کافر تھا مسلمان ہوا اُن پر اس دن کی قضا واجب نہیں باقی سب پر قضا واجب ہے۔“(بہارِ شریعت، جلد ۱، صفحہ ٩٩٠، مطبوعہ دعوت اسلامی)۔وَاللّٰهُ تَعَالٰی عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُهٗ ﷺ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ 



کتبـــــــــه: وکیل احمد صدیقی نقشبندی پھلودی جودھپور راجستھان (الھند)۔

خادم: الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان (الھند)۔

١ شعبان المعظم ١٤٤٥۔ ١٢ فروری ٢٠٢٤۔ بروز پیر







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney