کیا زکوۃ چھپا کر دینا بہتر ہے ؟

 سوال نمبر 2504


السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ زکوٰۃ چھپاکر دینا زیادہ بہتر ہے یا اعلانیہ آسان الفاظ میں دلیل کے کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی

المستفتی محمد اظہر گجرات




وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

الجواب بعون الملک الوھاب

زکوٰۃ علانیہ طور پر دینا افضل ہے تاکہ اوروں کےلئے باعث ترغیب بنے البتہ ریا نہ ہو ورنہ ثواب کے بجائے عذاب کا باعث ہوگا جیساکہ

حضور صدر الشریعہ بدرالطریقہ حضرت علامہ امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فتاوی عالمگیری کے حوالے سے تحریر فرماتے ہیں

زکاۃ علانیہ اور ظاہر طور پر افضل ہے اور نفل صدقہ چُھپا کر دینا افضل زکاۃ میں اعلان اس وجہ سے ہے کہ چُھپا کر دینے میں لوگوں کو تہمت اور بدگمانی کا موقع ملے گا، نیز اعلان اوروں کے لیے باعثِ ترغیب ہے کہ اس کو دیکھ کر اور لوگ بھی دیں گے مگر یہ ضرور ہے کہ ریا نہ آنے پائے کہ ثواب جاتا رہے گا بلکہ گناہ و استحقاق عذاب ہے

اور بعض محتاج زکوٰۃ کا روپیہ نہیں لینا چاہتے تو انہیں زکوٰۃ کہہ کر نہ دیں بلکہ عیدی یا مٹھائی کھانے کے نام سے دیں البتہ اپنی نیت زکوٰۃ کی ہوتو بھی ادا ہوجاۓ گی

جیسا کہ اسی کے نیچے تحریر فرماتے ہیں

زکاۃ دینے میں اس کی ضرورت نہیں کہ فقیر کو زکاۃ کہہ کر دے، بلکہ صرف نیّت زکاۃ کافی ہے یہاں تک کہ اگر ہبہ یا قرض کہہ کر دے اور نیّت زکاۃ کی ہو ادا ہوگئی یو ہیں نذر یا ہدیہ یا پان کھانے یا بچوں کے مٹھائی کھانے یا عیدی کے نام سے دی ادا ہوگئی۔ بعض محتاج ضرورت مند زکاۃ کا روپیہ نہیں لینا چاہتے، انھیں زکاۃ کہہ کر دیا جائے گا تو نہیں لیں گے لہٰذا زکاۃ کا لفظ نہ کہے

بہار شریعت جلد اوّل حصہ پنجم صفحہ ٨٩٠ دعوت اسلامی


     واللہ أعلم بالصواب


            کتبہ

محمد فرقان برکاتی امجدی

٨/شعبان المعظم   ١٤٤٥ھ

١٩/فروری    ٢٠٢٤ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney