ایک ہی رکعت میں کسی سورت کا تکرار کرنا

 سوال نمبر 2509

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

الاستفتاء: کیا فرماتے علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید نے ایک ہی رکعت میں سورۃ الفاتحہ کے بعد  ایک ہی سورت کو بار بار تکرار کیا تو کیا اس پر سجدہ سہو واجب ہوگا یا نہیں؟؟ رہنمائی فرمائے 

المستفتی :  جمشید رضا



وَ عَلَیْکُمُ السَّلَامُ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

الجواب بعون الملک الوھاب:

سجدہ سہو واجب نہیں ہے البتہ کراہت ضرور ہے! فرض نماز کی ایک ہی رکعت میں بغیر کسی عذر کے ایک ہی سورت کو مکرر پڑھنا مکروہِ تنزیہی ہے اور اگر کوئی عذر ہو یا سہواً دوبارہ پڑھ لی تو مکروہ نہیں۔ البتہ نوافل کی ایک ہی رکعت میں ایک سورت کا تکرار بلا کراہت جائز ہے۔ حضرت علامہ شیخ نظام الدین اور علماء ہند کی ایک جماعت نے تحریر فرمایا ہے:

ویكره تكرار السورة في ركعة واحدة في الفرائض ولا بأس بذلك في المتطوع كذا في فتاوى قاضيخان، واذا كرر آية واحدة مرارافان كان في التطوع الذي يصلي وحده فذلك غير مكروه وان كان في الصلاة المفروضة فهو مكروه في حالة الاختيار وأما في حالة العذر والنسيان فلا بأس هكذا في المحيطة اھ.....

(ترجمہ: فرائض کی ایک ہی رکعت میں ایک سورت کو مکرر پڑھنا مکروہِ تنزیہی ہے اور نوافل میں بلا کراہت جائز ہے۔ ایساہی "فتاویٰ قاضی خاں“ میں ہے، اور جب تنہا نماز پڑھتے ہوۓ ایک آیۃ کو مکرر پڑھا تو کوئی کراہت نہیں ہے اور اگر فرض نماز میں عمدًا مکرر پڑھا تو مکروہِ تنزیہی ہے ہاں اگر حالت عذر اور نسیان میں مکرر پڑھا تو کوئی حرج نہیں ایساہی محیط میں ہے)۔ (فتاویٰ عالمگیری، کتاب الصلوٰۃ، الباب السابع، الفصل الثانی فیما یکرہ فی الصلوٰۃ و ما لایکرہ، جلد ۱، صفحہ ١٠٧، مطبوعہ بولاق مصر المحمیۃ)۔

صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ:

"نوافل کی دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت کو مکرر پڑھنا یا ایک رکعت میں اسی سورت کو بار بار پڑھنا، بلا کراہت جائز ہے۔”(بہار شریعت، باب قرآن مجید پڑھنے کے احکام، جلد ۱،حصہ ۳،صفحہ ٥٤٩، مطبوعہ مکتبہ المدینہ)۔

لہذا صورت مسئولہ میں سجدۂ سہو واجب نہیں البتہ کراہتِ تنزیہی ضرور ہے۔

وَاللّٰهُ تَعَالٰی عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُهٗ ﷺ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ 

کتبـــــــــه: وکیل احمد صدیقی نقشبندی پھلودی جودھپور راجستھان (الھند)۔

خادم: الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان (الھند)۔

٢٣ شعبان المعظم ١٤٤٥ ھجری۔ ٥ مارچ ٢٠٢٤ عیسوی۔ بروز منگل۔







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney