حالت حیض میں وظائف یا اصحاب بدر کا نام پڑھنا

 سوال نمبر 2521


الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ حالت حیض میں اصحاب بدر رضی اللہ عنہم کے نام پڑھ سکتے ہیں؟

(سائل:جاویدخان،انڈیا)


باسمه تعالیٰ وتقدس الجواب: پڑھ سکتی ہیں کوئی حرج نہیں کیونکہ صالحین کا ذکر بھی بالواسطہ اللہ عزوجل ہی کا ذکر ہے اور حالت حیض میں قرآن کریم کے علاوہ دیگر ذکر واذکار پڑھنے کا شرعی حکم یہ ہے کہ پڑھ سکتے ہیں مگر بہتر یہ ہے کہ وضو یا کلی کرکے پڑھا جائے۔ چنانچہ علامہ سراج الدین ابو محمد علی بن عثمان بن محمد تیمی اوسی حنفی متوفی٥٦٩ھ لکھتے ہیں اور اُن سے علامہ نظام الدین حنفی متوفی۱۰۹۲ھ اور علمائے ہند کی ایک جماعت نے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے: ویجوز للجنب والحائض الدعوات وجواب الأذان ونحو ذلک۔ [واللفظ للهندیة]

(الفتاوی السراجیۃ،کتاب الطھارۃ،باب الحیض والنفاس،ص۵۱)(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الطھارۃ،الباب السادس فی الدماء المختصۃ بالنساء،الفصل الرابع فی أحکام الحیض والنفاس والاستحاضۃ،٣٨/١)

یعنی، جنبی اور حائضہ کو دعائیں پڑھنا اور اذان کا جواب دینا اور اس کی مثل دیگر چیزیں جائز ہیں۔

اور صدر الشریعہ محمد امجد علی اعظمی حنفی متوفی١٣٦٧ھ لکھتے ہیں: قرآنِ مجید کے علاوہ اَور تمام اذکار کلمہ شریف، درود شریف وغیرہ پڑھنا بلا کراہت جائز بلکہ مستحب ہے اور ان چیزوں کو وُضو یا کُلّی کرکے پڑھنا بہتر اور ویسے ہی پڑھ لیا جب بھی حَرَج نہیں اور ان کے چھونے میں بھی حَرَج نہیں۔(بہارشریعت،طہارت کا بیان،نفاس کا بیان،٣٧٩/٢/١)

واللہ تعالیٰ أعلم بالصواب


کتبہ:

محمد اُسامہ قادری

پاکستان،کراچی


پیر،۲۱/رمضان،١٤٤۵ھ۔۱/اپریل،٢٠٢٤م







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney