رمضان میں ختنہ کرانا کیسا

 سوال نمبر 2523


الاستفتاء:کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ ماہ رمضان میں بچے کی ختنہ کرواسکتے ہیں یا نہیں؟ برائے کرم حوالہ کےساتھ جواب دیجئے گا۔

(سائل:محمد عامر رضا،انڈیا)



باسمه تعالیٰ وتقدس الجواب: شریعت مطہرہ کی رُو سے سال کے کسی بھی دن اور مہینے میں ختنہ کروانے کی ممانعت نہیں ہے لہٰذا رمضان کے مہینے میں بھی ختنہ کرواسکتے ہیں بشرطیکہ بچہ کی پیدائش کے کم از کم ساتویں دن بعد کریں۔

   چنانچہ علامہ سراج الدین ابو محمد علی بن عثمان بن محمد تیمی اوسی حنفی متوفی۵٦۹ھ لکھتے ہیں اور اُن سے علامہ نظام الدین حنفی متوفی۱۰۹۲ھ اور علمائے ہند کی ایک جماعت نے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے: ابتداء الوقت المستحب للختان من سبع سنين إلى اثنتي عشرة سنة هو المختار. (الفتاوی السراجیۃ،کتاب الکراھۃ والاستحسان،باب الولیمۃ والختان،ص۳۳۰)

(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراھیۃ،الباب التاسع عشر فی الختان والخصاء وحلق المرأۃ شعرھا ووصلھا شعر غیرھا،۵/۳۵۷)

یعنی،ختنہ کے لئے مستحب وقت سات برس سے لے کر بارہ برس تک ہے اور یہی مختار ہے۔

   اور اسی کے آگے علامہ نظام الدین حنفی اور علمائے ہند کی ایک جماعت نے علامہ محمد بن عبد الرشید کرمانی حنفی متوفی٥٦٥ھ سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے:وقال بعضهم يجوز بعد سبعة أيام من وقت الولادة. (جواھر الفتاوی،کتاب الکراھیۃ والاستحسان،الباب الاول،ق٣٠٤/ب،مخطور مصوّر) (الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراھیۃ،الباب التاسع عشر فی الختان والخصاء وحلق المرأۃ شعرھا ووصلھا شعر غیرھا،۵/۳۵۷)

یعنی،اور بعض فقہائے کرام نے کہا کہ وقت ولادت سے ساتویں دن کے بعد ختنہ کرنا جائز ہے۔

اور صدر الشریعہ محمد امجد علی اعظمی حنفی متوفی۱۳٦۷ھ لکھتے ہیں: ختنہ کی مدّت سات سال سے بارہ سال کی عمر تک ہے اور بعض علما نے یہ فرمایا کہ ولادت سے ساتویں دن کے بعد ختنہ کرنا جائز ہے۔ (بہارشریعت،ختنہ کا بیان،۳/١٦/۵۸۹)

اور مفتی احمد یار خان نعیمی حنفی متوفی۱۳۹۱ھ لکھتے ہیں: ختنہ کا سنّت طریقہ یہ ہے کہ ساتویں برس بچہ کا ختنہ کرادیا جائے، ختنہ کی عمر سات سال سے بارہ برس تک ہے، یعنی بارہ برس سے زِیادہ دیر لگانا منع ہے۔ اور اگر سات سال سے پہلے ختنہ کردیا گیا جب بھی حرج نہیں۔ (اسلامی زندگی،دوسرا باب:عقیقہ اور ختنہ کی مروّجہ رسمیں،عقیقہ اور ختنہ کے اسلامی طریقے،ص٢٦)

واللہ تعالیٰ أعلم بالصواب


کتبہ:

محمد اُسامہ قادری

پاکستان،کراچی


منگل،۲۲/رمضان،۱۴۴۵ھ۔۲/اپریل،۲۰۲۴م







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney