حالت اعتکاف میں گٹکھا کھانا کیسا ؟

 سوال نمبر 2530


اَلسَّلامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اَللّٰهِ وَبَرَكَاتُهٗ

کیا فرماتےہیں مفتیان کرام اس مسٸلہ کے بارے میں

زید جو کہ اعتکاف میں بیٹھا ہے اس کو گٹکھا کھانے کی عادت ہے اپنی عادت کے مطابق وہ مسجد میں ہی گٹکھا کھارہاتھا یعنی مسجد کے اس حصہ میں جو نماز کے لئے مقرر ہے بکر نے نے کہا مسجد میں گٹکھا کھانا منع ہے تو زید اس کےبعد اس جگہ جاکر کھانے لگا جو حدود مسجد تو ہے لیکن اس جگہ وضو خانہ ، بیت الخلاء ، اور پیشاب خانہ ہے زید اس جگہ گٹکھا منھ میں رکھکر کچھ دیرتک وہیں ٹہرا رہتا ہے اس کے بعد پیشاب یا پاخانہ یا وضو بناتا ہے اورکبھی گٹکھا منھ میں رکھکر پاخانہ کرنے چلاجاتا ہے۔ دریافت کرنا یہ ہےکہ زید کا اس طرح گٹکھا کھانا کیسا ہے؟؟ کیا خارج مسجد جاکر گٹکھا منھ میں رکھکر کچھ دیر وہیں ٹہرے رہنے سے اعتکاف نہیں ٹوٹے گا؟؟ براۓ مہربانی جلد جواب سے نوازیں

المستفتی عبید رضا اکلکوٹ

ضلع شولاپور مہاراشٹرا



وَ عَلَیْکُمُ السَّلَامُ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

الجواب بعون الملک الوھاب:  

فناۓ مسجد یعنی وضوء خانہ وغیرہ میں گٹکھا وغیرہ کھاسکتا ہے! مگر افضل یہ ہے ایام اعتکاف میں اپنے آپکو ان عملیات سےروکےرکھے! لیکن حاجت پوری ہونے کے بعد منہ اچھی طرح صاف کرکے پھر مسجد کے اندر آئے کیونکہ منھ میں بدبو باقی ہو تو مسجد میں جانا جائز نہیں ہے۔ فقیہ ملت حضرت علامہ مفتی جلال الدین احمد امجدی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ: معتکف بیڑی، سگریٹ، یا حقہ پینے کے لئے فنائے مسجد میں نکل سکتا ہے اعتکاف نہیں ٹوٹے گا حضرت صدر الشریعہ علیہ الرحمۃ والرضوان تحریر فرماتے ہیں: فنائے مسجد جو جگہ مسجد سے باہر اس سے ملحق ضروریات مسجد کے لئے ہے مثلا جوتا اتارنے کی جگہ اور غسل خانہ وغیرہ ان میں جانے سے اعتکاف نہیں ٹوٹے گا (فتاویٰ امجدیہ ج١ ص٣٩٩) لیکن خوب منہ صاف کرنے کے بعد مسجد میں داخل ہو اس لئے کہ بیڑی اور سگریٹ وغیرہ کی بو جب تک کہ باقی ہو مسجد میں داخل ہونا جائز نہیں۔ 

(فتاویٰ فیض الرسول، جلد ۱، صفحہ ٤٩٢/٤٩٣، مطبوعہ اکبر بک سیلرز لاہور)۔

لہذا بکر کا قول درست ہے کہ مسجد کے اندر گٹکھا کھانا جائز نہیں ہے بلکہ زید کو چاہیے کہ خارج مسجد ایسی جگہ جو مسجد کے ملحقات وضو خانہ وغیرہ میں سے ہو وہاں جاکر گٹکھا کھائے کہ اس سے اعتکاف نہیں ٹوٹے گا اور بعدہ منہ خوب صاف کرکے آئے۔

وَاللّٰهُ تَعَالٰی عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُهٗ ﷺ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ 



کتبہ

وکیل احمد صدیقی نقشبندی پھلودی جودھپور راجستھان (الھند)۔

خادم: الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان (الھند)۔

٢٤ رمضان المبارک ١٤٤٥ھجری۔ بروز جمعرات۔ 4 اپریل 2024عیسوی۔







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney