امام پر سجدہ سہو واجب ہونے کے بعد کوئی شامل ہوا تو

 سوال نمبر 2540


اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ 

الاستفتاء: کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مسئلۂ ذیل میں کہ امام سے سہو ہوا اور قعدۂ اخیرہ میں امام کے سجدۂ سہو کرنے کے بعد اگر کوئی مقتدی شامل ہوا تو اس مقتدی کی نماز کا کیا حکم ہے، کیا وہ سجدۂ سہو کریگا بعد میں یا نہیں؟ حوالہ سے جواب عنایت فرمائیں۔

المستفتی: غلام یزدانی  یوپی (الھند)



وَعَلَیْکُمُ السَّلَامُ وَ رَحْمَتُ اللّٰهِ وَ بَرْكَاتُهٗ

الجواب بعون الملک الوھاب

اگر کوئی شخص امام کے ساتھ نماز میں اس وقت شریک ہوا جبکہ امام سجدہ سہو کرکے قعدہ میں بیٹھا ہو تو ایسے وقت میں امام کی اقتدا کرنا درست ہے، مقتدی کی نماز درست ہو جائے گی اور امام کے ساتھ سجدہ سہو فوت ہو جانے کی وجہ سے اس شخص پر الگ سے سجدہ سہو کرنا بھی لازم نہیں ہو گا۔ البتہ اگر اسے اپنی نماز میں سہو ہوا تو سجدۂ سہو کرنا ہوگا۔ حضرت علامہ شیخ نظام الدین اور علماء ہند کی ایک جماعت نے تحریر فرمایا ہے: وَلَوْ دَخَلَ مَعَهٗ بَعْدَ مَا سَجَدَ سَجْدَةَ السَّهْوِ يُتَابِعُهُ فِي الثَّانِيَةِ وَلَايَقْتَضِي الْأَوَّلَ، وَإِنْ دَخَلَ مَعَهٗ بَعْدَ مَا سَجَدَهُمَا لَايَقْضِيْهِمَا، كَذَا فِي التَّبْيِيْنِ  (ترجمہ: اور اگر امام کے ایک سجدۂ سہو کرنے کے بعد شامل ہو تو دوسرے سجدے میں امام کی اتباع کریگا اور پہلے کی قضا نہیں کریگا، اور اگر امام کے سہو کے دونوں سجدے کرنے کے بعد شامل ہوا تو دونوں کی قضا نہیں کریگا ایساہی تبیین الحقائق میں ہے۔ (فتاویٰ ھندیہ، كِتَابُ الصَّلَاةِ، الْبَابُ الثَّانِي عَشَرَ فِي سُجُودِ السَّهْوِ، جلد ۱، صفحہ١٢٨، مطبوعہ بولاق مصر المحمیۃ) اور مسبوق کو اگر اپنی نماز میں سہو ہوا تو سجدۂ سہو کریگا جیساکہ علامہ شیخ نظام الدین اور علماء ہند کی ایک جماعت نے تحریر فرمایا ہے: والمسبوق يسجد لسهوه فيما يقضي (ترجمہ: اور مسبوق جب بعد میں اپنی پڑھے اور اس میں سہو ہوجائے تو سجدۂ سہو کریگا۔ (مذکورہ حوالہ)

لہذا صورت مسئولہ میں مقتدی کی نماز درست ہوجائے گی اور بعد میں اسے سجدہ سہو کی ضرورت نہیں ہے۔ جبکہ اس پر مابقی نماز میں سجدۂ سہو واجب نہ ہوا ہو ورنہ مابقی میں سہو کا سجدہ کرنا ہوگا!

وَاللّٰهُ سُبْحَانَهٗ تَعَالٰی عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُهٗ ﷺ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ 



کتبہ 

وکیل احمد صدیقی نقشبندی پھلودی جودھپور راجستھان (الھند)۔

خادم: الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان (الھند)۔

٧ شوال المکرم ١٤٤٥ھجری۔ بروز بدھ۔ 17 اپریل 2024عیسوی۔







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney