فجر کے بعد تلاوت میں سجدہ تلاوہ کب کرے

 سوال نمبر 2549


السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ ایک شخص فجر کی نماز کے بعد قرآن پاک کی تلاوت کر رہا ہو اور دوران تلاوت آیت سجدہ آگئی تو کیا فوراً سجدہ کرے یا طلوع آفتاب کے 20 منٹ بعد کرے؟

علماء کرام جواب دے کر عند اللہ ماجور ہوں۔

المستفتی: لئیق احمد رضوی بسواری کوشامبی یوپی


وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ

الجواب بعون الملک الوھاب

 بعدِ فجر جب تک وقتِ فجر باقی ہے سجدۂ تلاوت کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے البتہ اگر وقت فجر ختم ہوکر مکروہ وقت آجائے تو پھر مکروہ ہے۔

کیونکہ اوقات مکروہات (طلوع، زوال، غروب) کے علاوہ ہر وقت سجدۂ تلاوت کرنا جائز ہے ہاں اگر آیت سجدہ مکروہ وقت میں پڑھی تو وقت مکروہ میں بھی سجدۂ تلاوت کرنا جائز ہے البتہ بہتر ہے کہ وقت مکروہ نکلنے کے بعد کرے۔ اور مکروہ وقت میں بھی سجدہ تلاوت کرسکتا ہے تو فجر کے بعد کا وقت تو مکروہ نہیں ہے جب تک کہ وقت کراہت نہ آجائےاس لیے بعد فجر سجدۂ تلاوت کرسکتا ہے کوئی حرج نہیں۔

جیساکہ سیدی اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمۃ سے سوال ہوا کہ نماز عصر اور فجر کے بعد سجدہ کرنا، جائز ہے یا نہیں؟

اس کے جواب میں ارشاد فرمایا: "جائز ہے مگر جب عصر میں وقت کراہت آجائے تو قضا بھی جائز نہیں اور سجدہ مکروہ اگرچہ سہو یا تلاوت کا ہو اور سجدہ شکر تو بعد نماز فجر و عصر مطلقا مکروہ۔" (فتاوی رضویہ، جلد ۵، صفحہ ۳۳۱، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)۔

اور صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ: 

ان اوقات (یعنی طلوع و زوال اور غروب ) میں آیت سجدہ پڑھی تو بہتر یہ ہے کہ سجدہ میں تاخیر کرے، یہاں تک کہ وقتِ کراہت جاتا رہے اور اگر وقت مکروہ ہی میں کرلیا تو بھی جائز ہے اور اگر وقت غیر مکروہ میں پڑھی تھی تو وقت مکروہ میں سجدہ کرنا مکروہِ تحریمی ہے ۔ (بہار شریعت، جلد ۱، حصہ ٣، صفحہ ٤٥٤، مطبوعہ دعوت اسلامی)۔

لہذا اس عبارت سے ظاہر ہوا کہ اگر وقت مکروہ میں آیت سجدہ پڑھی تو اسی وقت (یعنی وقت مکروہ میں) سجدۂ تلاوت کرنا جائز ہے جب وقت مکروہ میں جائز ہے تو بعد فجر بدرجہ اولیٰ جائز ہے۔

وَاللّٰهُ تَعَالٰی عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُهٗ ﷺ أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ 


کتبہ

وکیل احمد صدیقی نقشبندی پھلودی جودھپور راجستھان (الھند)۔

خادم: الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان (الھند)۔

٣٠ رمضان المبارک ١٤٤٤ھجری۔ بروز بدھ۔ 10 اپریل 2024عیسوی۔







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney