آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

عشاء کی با جماعت نماز پڑھ کر سونے والے کا ثواب

 سوال نمبر 2611

السلام علیکم ورحمۃ اللہ تعالی وبرکاتہ ۔

کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ کے بارے میں کہ کوئی شخص عشاء کی نماز جماعت سے  پڑھ کر سو جائے اور فجر کی نماز جماعت کے ساتھ میں ادا کر دے تو پوری رات اس کو ثواب ملے گا ۔ کیا یہ حدیث پاک صحیح ہے؟؟ علماء کرام تفصیل کے ساتھ میں اس کے بارے میں بتائیں ۔۔

المستفتی ۔  محسن رضا یو پی


وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم ۔

الجواب بعون الملک الوھاب ۔

پوچھی گئی حدیث پاک صحیح و درست ہے ، اور اس حدیث کو امام مسلم نے صحیح مسلم میں اور امام ترمذی نے اپنی سنن ترمذی میں , اور امام ابو داؤد نے سنن ابو داؤد میں نقل فرمایا ہے ۔

بے شک جو شخص عشاء کی نماز جماعت سے پڑھ کر سو جائے اور فجر کی نماز جماعت کے ساتھ ادا کرے تو اسے پوری رات عبادت کرنے کا ثواب ملتا ہے ۔

امام مسلم فرماتے ہیں ۔

قال: دخل عثمان بن عفان المسجد بعد صلاة المغرب، فقعد وحده، فقعدت إليه، فقال: يا ابن اخي، سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم، يقول: " من صلى العشاء في جماعة، فكانما قام نصف الليل، ومن صلى الصبح في جماعة، فكانما صلى الليل كله (صحیح مسلم کتاب المساجد ومواضع الصلوۃ، باب فضل صلوۃ العشاء والصبح فی جماعۃ حدیث نمبر 656 ص 258  )

ترجمہ ۔ راوی کہتے ہیں کہ حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ مغر ب کی نماز کے بعد مسجد میں تشریف لائے اور اکیلے بیٹھ گئے، میں بھی ان کے پاس بیٹھ گیا، تو حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے فرمایا بھتیجے! میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:  جس نے عشاء کی نماز باجماعت ادا کی تو گویا اس نے آدھی رات کا قیام کیا اور جس نےصبح کی نماز (بھی) جماعت کے ساتھ پڑھی تو گویا اس نے ساری رات نماز پڑھی۔“

2۔.  امام ترمذی تحریر فرماتے ہیں عن عثمان بن عفان، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:  من شهد العشاء في جماعة كان له قيام نصف ليلة، ومن صلى العشاء والفجر في جماعة كان له كقيام ليلة (سنن ترمذی كتاب الصلاة باب ماجاء فی فضل العشاء و الفجر فی الجماعۃ حدیث نمبر 221 ص 414 )

ترجمہ ۔ عثمان بن عفان رضی الله عنہ سے مروی ہے آپ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے عشاء کی نماز جماعت سے پڑھی تو اسے آدھی رات کے قیام کا ثواب ملے گا اور جس نے عشاء اور فجر دونوں نمازیں جماعت سے پڑھیں ، اسے پوری رات کے قیام کا ثواب ملے گا۔

3۔۔. امام ابو داؤد فرماتے ہیں۔ عن عثمان بن عفان، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:" من صلى العشاء في جماعة، كان كقيام نصف ليلة، ومن صلى العشاء والفجر في جماعة، كان كقيام ليلة  (سنن ابو داؤد جلد اول کتاب الصلوۃ باب فی فضل صلوۃ الجماعۃ حدیث نمبر 555 ص 104 )

ترجمہ عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس نے عشاء کی نماز جماعت سے پڑھی، گویا اس نے آدھی رات تک قیام کیا، اور جس نے عشاء اور فجر دونوں جماعت سے پڑھیں، اس نے گویا پوری رات قیام کیا“

مذکورہ حدیث بیان کردہ کتب حدیث کے علاوہ بھی دیگر کتب  میں موجود ہے۔

واللہ تعالی ورسولہ اعلم با الصواب۔


کتبہ ۔ محمد ایاز حسین تسلیمی بہیڑوی

ساکن۔ بہیڑی ضلع بریلی یوپی انڈیا




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney