آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

خلع لینے کے بعد شوہر اول سے دوبارہ نکاح کرنا کیسا

 سوال نمبر 2622


السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا فرماتے ہیں علماۓ کرام و مفتیانِ عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ زید کہتا ہے کہ بیوی اپنے شوہر سے خلع لینے کے بعد اگر چاہے تو اپنے شوہر اول سے دوبارہ نکاح کرسکتی ہے۔

اور بکر کہتا کہ خلع لینے کے بعد اب وہ عورت اپنے شوہر اول سے کبھی بھی نکاح نہی کرسکتی ہے۔

دریافت طلب امر یہ ہے کہ دونوں میں کس کی بات درست ہے؟ مدلل و مفصل حوالے کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں کرم نوازش ہوگی۔

المستفتی :  محمد عمر صدیقی ضلع بہرائچ شریف یو پی



                    (بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم)

الجواب بعون الملک الوھاب: جو خلع شرعاً درست ہو اس سے ایک طلاق بائن واقع ہوجاتی ہے جیساکہ ”بہار شریعت“ میں حضور صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ: جب خلع کرلیں تو طلاق بائن ہوجاتی ہے۔(جلد ٢، حصہ ٨، صفحہ ١٩٤، دعوت اسلامی)۔ اب اگر شوہر نے اس سے پہلے کبھی طلاق نہیں دی ہے اور اب باہمی رضامندی سے نکاح کرنا چاہتے ہیں تو از سرِ نو نئے مہر کے ساتھ دوبارہ نکاح کرسکتے ہیں۔ لیکن اب شوہر کو دو ہی طلاق کا اختیار رہے گا۔

حضرت علامہ شیخ نظام الدین اور علماء ہند کی ایک جماعت نے تحریر فرمایا ہے:

"إذا كان الطلاق بائنًا دون الثلاث فله أن يتزوجها فی العدة وبعد انقضائها."اھ.....

ترجمہ:جب طلاق بائن ایک ہو تین نہ ہو تو اس کے لئے جائز ہے کہ اس عورت سے نکاح کرلے عدت اور عدت کے بعد۔

(فتاویٰ ہندیہ، جلد ۱، صفحہ٤۷۲، مطبوعہ بولاق مصر المحمیۃ)۔

لہذا صورت مذکورہ میں جبکہ زید نے جو کہا وہ درست ہے۔ زوج نے اس سے پہلے کبھی اپنی زوجہ کو طلاق نہیں دی ہے تو بعد خلع زوج اور اس کی زوجہ باہمی رضامندی سے دوبارہ نکاح کرنا چاہیں تو جدید مہر کے ساتھ نکاح کرسکتے ہیں لیکن اب زوج فقط دو ہی طلاق کا مختار رہےگا۔

اور بکر نے جو کہا وہ بالکل غلط ہے بکر کو چاہیے کہ کبھی بھی بغیر تفتیش کے کوئی مسئلہ بیان ہرگز نہ کرے۔ پوری تحقیق کے بعد ہی بیان کرے۔

والله تعالیٰ عزوجل و رسوله ﷺ أعلم بالصواب۔


کتبه: عبد الوکیل صدیقی نقشبندی پھلودی راجستھان الھند۔

خادم التدریس: الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان الھند۔ 

١٠ ربیع الثانی ١٤٤٦ھ۔ ١٤ اکتوبر ٢٠٢٤ء۔ بروز دو شنبہ۔




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney