سوال نمبر 2631
السلام علیکم ورحمةاللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماۓدین و مفتیان شرع متین درج ذیل مسئلے میں کہ جس طرح امام اعظم ابوحنیفہ کے نزدیک نماز میں ہاتھ ناف سے نیچے باندھے جاتے ہیں اس طرح تینوں اماموں کے نزدیک نماز میں ہاتھ باندھنے کے کیا طریقے ہوں گےجواب عنایت فرمائیے!
المستفتی: محمد ثقلین اشرفی داہود گجرات
وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب
ہمارے امام اعظم ابوحنیفہ اور امام احمد بن حنبل کے نزدیک حالت نماز میں ناف کے نیچے ہاتھ باندھنا سنت ہے۔جبکہ امام شافعی کے نزدیک ناف کے اوپر سینے کے نیچے ہاتھ باندھنا سنت ہے اور امام مالک علیہ الرحمہ ارسال کے قائل ہیں یعنی ان کے نزدیک فرض نماز میں ہاتھ باندھنا مکروہ ہے اور چھوڑے رکھنا مستحب۔ البتہ سنت نماز میں ہاتھ باندھنا ان کے نزدیک مستحب ہے!
جیساکہ کتاب الصلوة علی مذاھب الاربعة مع ادلة احکامھا میں ہے"وضع الیدالیمنی علی یدالیسری و ان یحلق بالابھام والخنصر علی الرسغ و جعلھا تحت السرة"
وقال الشافعیة بل یجعلھا تحت الصدر و فوق السرة"
وقال المالکیة: یکرہ ذلک فی الفرض بل یندب ارسالھا اما فی السنة فمندوب"
الحنابلة قالو: السنة للرجل والمراة ان یضع باطن یدہ الیمنی علی ظہر یدہ الیسری سیجعلھما تحت سرتہ
(الصلوة علی مذاھب الاربعة مع ادلة احکامھا سنن الصلوة ص ١٥٦ الفقہة علی مذاھب الاربعة ص ٢٢٧ )
یعنی: (نماز میں حالت قیام میں) دائیں ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر اس طور سے رکھا جاۓ کہ انگوٹھا اور چھوٹی انگلی بشکل حلقہ کلائی پر رہے اور ہاتھ ناف کے نیچے رکھیں۔
شافعی حضرات ہاتھ کو سینے کے نیچے اور ناف کے اوپر رکھنے کے قائل ہیں۔
اور مالکی حضرات فرض نماز میں ہاتھ باندھنا مکروہ کہتے ہیں بلکہ ان کے ہاں ہاتھ چھوڑے رکھنا مستحب ہے،البتہ ان کے نزدیک سنت نماز میں ہاتھ باندھنا مستحب ہے۔!
حنبلی حضرات کہتے ہیں: مردوں اور عورتوں کے لیے سنت یہ ہے کہ وہ اپنے داہنے ہاتھ کا اندرونی حصہ بائیں ہاتھ کی پشت پر رکھیں اور انہیں ناف کے نیچے رکھیں
*الانتباہ:* یاد رہے کہ چاروں ائمہ اس بات پر متفق ہیں کہ سینہ پر ہاتھ باندھنا درست نہیں ہے، یہ نظریہ صرف غیرمقلدین اہلحدیث کا ہے جو اجماع کے منکر ہیں۔اور سادہ لوح مسلمانوں کو گمراہ کرتے ہیں!
واللہ تعالٰی و رسولہ الاعلٰی اعلم بالصواب عزوجل و صلی اللہ تعالٰی علیہ و آلہ و سلم
کتبہ: سید محمد نذیرالہاشمی سہروردی
شاہی دارالقضا و آستانئہ عالیہ غوثیہ سہروردیہ داہود شریف الھند
بتاریخ ٣٠ ربیع الآخر ١٤٤٦ھ
بمطابق ٣ نومبر ٢٠٢٤ء
بروز اتوار
0 تبصرے