آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

سجدہ سہو کے بعد جماعت میں شامل ہوا تو ؟

 سوال نمبر 2654


کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام کہ سجدہ سہو کے بعد جماعت میں شامل ہونے والا سجدہ سہو کرے گا یانہیں؟ 

سائل، نا معلوم 

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

الجواب بعون الملک الوھاب ،امام کے سجدۂ سہو کرنے کے بعد قعدہ میں اگر کوئی شخص جماعت میں شریک ہوا تو اقتدا درست ہے اور بعد میں اس پر امام والے سجدۂ سہو کی ادائیگی لازم نہیں ہے، ہاں اگر اس نے اپنی نماز میں سجدۂ سہو واجب کرنے والی کوئی غلطی کی تو اس پر سجدۂ سہو لازم آئے گا، علامہ شمس الائمہ سرخسی فرماتے ہیں : ﻓﺈﻥ ﺳﻬﺎ اﻹﻣﺎﻡ ﻓﻲ ﺻﻼﺗﻪ ﻓﺴﺠﺪ ﻟﻠﺴﻬﻮ ﺛﻢ اﻗﺘﺪﻯ ﺑﻪ ﺭﺟﻞ ﻓﻲ اﻟﻘﻌﺪﺓ اﻟﺘﻲ ﺑﻌﺪﻫﺎ ﺻﺢ اﻗﺘﺪاﺅﻩ ﻷﻥ اﻹﻣﺎﻡ ﻓﻲ ﺣﺮﻣﺔ اﻟﺼﻼﺓ ﺑﻌﺪ، ﻭﻟﻴﺲ ﻋﻠﻰ اﻟﺮﺟﻞ ﺳﺠﻮﺩ اﻟﺴﻬﻮ ﻓﻴﻤﺎ ﻳﻘﻀﻲ ﻷﻧﻪ ﻣﺎ سھاﻭﺇﻧﻤﺎ ﻳﻠﺰﻣﻪ ﻣﺘﺎﺑﻌﺔ اﻹﻣﺎﻡ ﻓﻴﻤﺎ ﺃﺩﺭﻙ اﻹﻣﺎﻡ ﻓﻴﻪ ﻭﻫﻮ ﻟﻢ ﻳﺪﺭﻛﻪ ﻓﻲ ﻫﺎﺗﻴﻦ اﻟﺴﺠﺪﺗﻴﻦ ﻓﻼ ﺗﻠﺰﻣﻪ ﺑﺤﻜﻢ اﻟﻤﺘﺎﺑﻌﺔ،

اگر امام کو اپنی نماز میں سہو ہو جائے اور وہ سجدۂ سہو کر لے ، پھر اس کے بعد قعدہ میں کوئی شخص اس کی اقتداء کرے تو اس کی اقتداء صحیح ہے ، اس لیے کہ امام ابھی بھی حرمت نماز میں ہے،اور اس شخص پرجو امام کے ساتھ بعد میں شامل ہوا ان(چھوٹی ہوئی رکعات) کی قضا میں سہو کے سجدے واجب نہیں ہوں گے، کیونکہ خود اسے سہو نہیں ہوا ہے، اور اس پرامام کی پیروی صرف اس حصے میں لازم ہے جو اس نے امام کے ساتھ پایا،اور اس نے (سہو کے) ان دونوں سجدوں میں امام کو پایا نہیں اس لیے متابعت کے حکم کے تحت اس پر سجدۂ سہو لازم نہیں ہوگا، 

(المبسوط للسرخسی جلد ۲ صفحہ ۱۱۲/ ۱۱۳، کتاب الصلوۃ، باب السھو، دار المعرفۃ، بیروت)

ردالمحتار میں ہے :

لا یقضیھما ولو اقتدی بہ بعد ما سجدھما، 

وہ سہو کے ان دونوں سجدوں کی قضا نہیں کرےگا اگراس نے سہو کے ان دونوں سجدوں کے بعد اس کی اقتدا کی، 

(ردالمحتار کتاب الصلاۃ باب سجود السہو جلد ٢ صفحہ ٨٣،دار الفکر بیروت)

بہار شریعت میں ہے : امام کے ایک سجدہ کرنے کے بعد شریک ہوا تو دوسرا سجدہ امام کے ساتھ کرے اور پہلے کی قضا نہیں اور اگر دونوں سجدوں کے بعد شریک ہوا تو امام کے سہو کا اس کے ذمہ کوئی سجدہ نہیں،

(بہارشریعت جلد اول حصہ ٤ صفحہ ٧٢١، سجدۂ سہو کا بیان)

والله تعالى اعلم بالحق والصواب

محمد اقبال رضا خان مصباحی

سنی سینٹر بھنڈار شاہ مسجد پونہ وجامعہ قادریہ کونڈوا پونہ

٧،رجب المرجب ١٤٤٦ھ/ ٦،فروری ٢٠٢٥ء بروز جمعرات




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney