سوال نمبر 2666
السلام علیکم و رحمۃ اللہ
اس شعر پڑھنا کیسا ہے جبکہ مقصود کائنات واحد رسول عربی صلی اللہ علیہ وسلم ہے اؤر بیدم شاہ وارثی نے پانچ کہا ہے۔ بیدم یہی تو پانچ ہیں مقصود کائنات۔ خیرالنساء حسین و حسن مصطفی علی جواب عنایت فرمائیں
سائل عبداللہ
الجواب بعون الملک الوھاب
ہم اہلسنت کے نزدیک مقصود کائنات یعنی جس کے لیئے کائنات تخلیق کی گئی وہ اصل حضور علیہ السلام ہیں جیسا کہ حدیث قدسی ہے لولاک لما خلقت الافلاک یعنی اگر حضور اقدس علیہ السلام کو پیدا کرنا مقصود نہ ہوتا تو یہ زمین و آسمان بھی نہ پیدا کیا جاتا اس سے صاف ظاہر ہے کہ حقیقت میں مقصود کائنات حضور علیہ السلام کی ذات والا صفات ہے لیکن حضرت امام حسن و حسین کے تعلق سے حضور علیہ السلام نے فرمایا الحیسن منی و انا من الحسین یعنی حسین مجھ سے ہیں اور میں حسین سے ہوں اسی طرح سے حضرت فاطمۃ الزھراء رضی اللہ عنہا کے متعلق بھی فرمایا فَاطِمَةُ بَضْعَةٌ مِنِّي، فَمَنْ أَغْضَبَهَا أَغْضَبَنِي (صحیح بخاری، حدیث 3767؛ صحیح مسلم، حدیث 2449) یعنی فاطمہ میرے جسم کا ٹکڑا ہے تو جس نے اسے ناراض کیا گویا اس نے مجھے ناراض کیا
اسی طرح سے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے متعلق فرمایا انت منی و انا منک اور فرمایا کہ میرا اور علی سے نسبت اس طرح ہے جیسا کہ حضرت موسیٰ کا حضرت ہارون سے مگر میرے بعد کوئی نبی نہیں
اسی طرح سے بہت سی روایات موجود ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حضور علیہ السلام نے ان کو اپنا ہی جز فرمایا ہے تو تمام فضائل و مناقب کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ حضرات بالتبع حضور علیہ السلام کے مقصود کائنات ہیں یعنی اصل مقصود کائنات تو حضور علیہ السلام ہی ہیں مگر ان کی تبع و نسبت سے یہ حضرات بھی مقصود کائنات ہیں جیسا کہ حضرت امام حسن و حسین کو علیہ السلام نہیں کہہ سکتے مگر حضور علیہ السلام کی تبع میں اہلبیت کرام کو علیہ السلام کہا جا سکتا ہے مثلا حضرت امام حسین علی جدہ و علیہ السلام اسی طریقے سے یہاں بالتبع انہیں بھی مقصود کائنات کہہ سکتے ہیں ایک اور تمثیل کہ جیسا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ فرماتے ہیں
کیوں نہ قاسِم ہو کہ تُو ابنِ ابی القاسم ہے
کیوں نہ قادِر ہو کہ مختار ہے بابا تیرا
یہاں اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ حضور غوث اعظم کو قاسم اور قادر اس لیئے فرما رہے ہیں کہ حضور علیہ السلام قاسم اور مختار ہیں یعنی بالتبع حضور غوث اعظم بھی قاسم اور مختار ہیں
تو ان تمام تر توضیحات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حضرت امام حسن و حسین اور حضرت علی و فاطمہ رضوان اللہ عنھم اجمعین کو حضور علیہ السلام کی تبع میں ان کی نسبت کی وجہ سے مقصود کائنات کہا جا سکتا ہے
و اللہ تعالیٰ اعلم
صہیب رضا رزمی
0 تبصرے