حالت روزہ میں گل منجن کرنا کیسا ہے

سوال نمبر 90


السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
  کیا فرماتے ہیں علمائے اہلسنت اس معاملہ  میں کہ اکثر علماء کو رمضان شریف کے مہینے میں گل منجن کرتے دیکھا گیا اور جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حضرت آپ روزہ سے نہیں ہیں؟ جو گل منجن کر رہے ہیں کیا گل منجن سے روزہ فاسد نہیں ہوتا؟
تو جواب یہ ملا کہ گل سے روزہ نہیں ٹوٹتا روزہ کی حالت میں گل منجن کرنا صرف مکروہ ہے اور حوالہ میں فتاوی رضویہ شریف کا نام پیش کرتے ہیں اب سوال یہ ہے کہ کیا اعلٰی حضرت رضی اللہ عنہ نے جس گل کے بارے میں مکروہ لکھا ہے کیا یہی گل منجن ہے یا کوئی اور گل ہے اور اگر یہی گل منجن ہے کہ جس سے روزہ نہیں ٹوٹتا تو پھر اسی پر قیاس کرتے ہوئے کولگیٹ وغیرہ سے بھی روزہ فاسد نہیں ہونا چاہیے تسلی بخش جواب عنایت کیا جائے صرف ہاں یا نا سے کام نہ چلائیں - فقط والسلام
المستفتی:۔محمد ذیشان احمد قادری متعلم دارالعلوم  اہلسنت قادریہ صدیقیہ منہاج القران رضانگر چوراھا دولتپور گرانٹ گونڈہ





وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکارتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب

  سرکار اعلٰی حضرت رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں منجن ناجائز و حرام نہیں جب کہ اطمینان کافی ہو کہ اس کا کوئی جز حلق میں نہ جائے گا مگر بے ضرورت صحیحہ کراہت ضرور ہے“ در مختار میں ”کرہ ذوق شئی“ (فتاوی رضویہ جلد۱۰/ ص۵۵۸/دعوت اسلامی)

بحر العلوم مفتی عبد المنان صاحب علیہ الرحمہ فرماتے ہیں ”منجن اور ٹوتھ پیسٹ وغیرہ کے باریک اجزاء حلق سے اتر گئے تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور نہ اترے تو نہ ٹوٹے گا البتہ ایسی چیزوں کو منہ میں رکھنا روزہ کو مکروہ کر دیگا“
(فتاوی بحر العلوم جلد ۲ صفحہ  ۲۶۷)
رہا گل کا استعمال تو گل کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ اس میں نشہ ہوتا ہے لوگ اس کو بطور عمل استعمال کرتے ہیں اس لئے اس کا حکم تمباکو (کھینی)کی طرح ہے جیسا کہ بحر العلوم مفتی عبد المنان صاحب علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں تمباکو جسے کھینی کہا جاتا ہے منہ میں رکھنے کو روزہ توڑنے والا بتایا ہے گل بھی اسی قسم کی ہے کھینی کی طرح اس کا بھی لوگ استعمال کرتے ہیں اسلئے اس کا استعمال بھی مفسد صوم ہے۔
(فتاوی بحر العلوم جلد۲ص۲۷۶)
اعلٰی حضرت رضی اللہ عنہ نے گل کے متعلق لکھا ہی نہیں ہے بلکہ سائل نے پوچھا کہ منجن جو بادام، کوئلہ، سپاری و گل وغیرہ کا بنتا ہے اُس کا استعمال کرنا کیسا ہے یعنی اس زمانے میں جو منجن بنتا تھا اس میں یہ مذکورہ چیزیں ملائی جاتی تھیں نہ یہ گل ہے جو آج ملتا ہے.
 واللہ اعلم بالصواب

      کتبہ
فقیر تاج محمد قادری واحدی 
۱۵/ رمضان المبارک ۰۴۴۱؁ھ






ایک تبصرہ شائع کریں

5 تبصرے

  1. رمضان المبارک کے مہینے میں وتر کی نماز جماعت کے ساتھ کیوں پڑھتے اور رمضان المبارک کے بعد جماعت کے ساتھ کیوں نہیں پڑھتے ہیں

    جواب دیںحذف کریں
  2. اگر کوئی شخص عشاء کی جماعت نہ پائے تو وہ شخص وتر کی نماز جماعت سے پڑھ سکتا ہے یہ نہیں

    جواب دیںحذف کریں

Created By SRRazmi Powered By SRMoney