آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

کیا مریدہ پیر کا ہاتھ چوم سکتی ہے

سوال نمبر 66

سوال کیا فرماتے ہیں علمائے دین مفتیان عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں کچھ پیر لوگ اپنے مریدہ سے ہاتھ چومواتے ہیں کیا ایسا کرنا شریعت میں درست ہے؟
 اور مزارات پر قوالی کراتے ہیں ایسے پیر کے بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے؟
سائل محمدامتیاز مسعودی امام خوشحال ڈیہ اجمیری مسجد


         بسم اللہ الرحمن الرحیم
 الجواب بعون الملک الوہاب ھو الھادی الصواب الیہ المرجع الماب حدیبیہ کے موقع پر جب  اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے  عورتوں نے  بیعت کے لئے کہا تو اللہ تعالی نے قرآن مجید کی آیت کریمہ نازل فرمادی
 یٰۤاَیُّہَا  النَّبِیُّ  اِذَا جَآءَکَ  الۡمُؤۡمِنٰتُ یُبَایِعۡنَکَ عَلٰۤی  اَنۡ  لَّا یُشۡرِکۡنَ بِاللّٰہِ شَیۡئًا وَّ لَا یَسۡرِقۡنَ وَ لَا یَزۡنِیۡنَ وَ لَا یَقۡتُلۡنَ اَوۡلَادَہُنَّ وَ  لَا یَاۡتِیۡنَ  بِبُہۡتَانٍ یَّفۡتَرِیۡنَہٗ بَیۡنَ  اَیۡدِیۡہِنَّ وَ اَرۡجُلِہِنَّ وَ لَا یَعۡصِیۡنَکَ فِیۡ  مَعۡرُوۡفٍ فَبَایِعۡہُنَّ وَ اسۡتَغۡفِرۡ لَہُنَّ اللّٰہَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ  غَفُوۡرٌ  رَّحِیۡمٌ ﴿ممتحنہ۱۲﴾
ترجمہ اے نبی جب تمہارے حضور مسلمان عورتیں حاضر ہوں اس پر بیعت کرنے کو کہ اللہ کا کچھ شریک نہ ٹھہرائیں گی اور نہ چوری کریں گی اور نہ بدکاری اور نہ اپنی اولاد کو قتل کریں گی اور نہ وہ بہتان لائیں گی جسے اپنے ہاتھوں اور پاؤں کے درمیان یعنی موضع ولادت میں اٹھائیں  اور کسی نیک بات میں تمہاری نافرانی نہ کریں گی تو ان سے بیعت لو اور اللہ سے ان کی مغفرت چاہو  بیشک اللہ بخشنے والا مہربان ہے ،
اس آیت مقدسہ کی روشنی میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے خواتین سے بیعت لی مگر کسی کے ہاتھ میں ہاتھ رکھ کر بیعت نہ لی جیسا کہ حدیث شریف میں ہے
 قَالَ عُرْوَةُ فَأَخْبَرَ تْنِي عَائِشَةُ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَمْتَحِنُهُنَّ بِهَذِهِ الْآيَةِ يَأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا جَاءَكُمُ الْمُؤْمِنَاتُ مُهَاجِرَاتٍ فَامْتَحِنُوهُنَّ الخ سورة الممتحنة آية 10 -12 ، قَالَ عُرْوَةُ : قَالَتْ عَائِشَةُ : فَمَنْ أَقَرَّ بِهَذَا الشَّرْطِ مِنْهُنَّ ؟ قَالَ لَهَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : قَدْ بَايَعْتُكِ كَلَامًا يُكَلِّمُهَا بِهِ ، وَاللَّهِ مَا مَسَّتْ يَدُهُ يَدَ امْرَأَةٍ قَطُّ فِي الْمُبَايَعَةِ ، وَمَا بَايَعَهُنَّ إِلَّا بِقَوْلِهِ (بخاری شریف حدیث نمبر ۲۷۱۳)
ترجمہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہجرت کرنے والی عورتوں کا اس آیت کی وجہ سے امتحان لیا کرتے تھے
 «{‏ يا أيها الذين آمنوا إذا جاءكم المؤمنات مهاجرات فامتحنوهن ‏}‏ الخ”اے مسلمانو! جب تمہارے یہاں مسلمان عورتیں ہجرت کر کے آئیں تو تم ان کا امتحان لے لو غفور رحیم تک۔“ عروہ نے کہا کہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ ان عورتوں میں سے جو اس شرط کا اقرار کر لیتیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے کہ میں نے تم سے بیعت کی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم صرف زبان سے بیعت کرتے تھے۔ قسم اللہ کی! بیعت کرتے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ نے کسی بھی عورت کے ہاتھ کو کبھی نہیں چھوا، بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم صرف زبان سے بیعت لیا کرتے تھے۔
اس احادیث طیبہ سے پیر حضرات سبق سیکھیں کہ جب ہاتھ میں ہاتھ رکھ حضور علیہ السلام نے بیعت نہ لی تو مکار پیروں کو ہاتھ چوموانا کیوں کر جائز ہوگا.
       قوالی مزامیر کے ساتھ ناجائز ہے اس طرح کے ایک سوال کا جواب دیتے ہو ئے سرکار اعلی حضرت مجدد اعظم امام احمد رضا رضی اللہ عنہ تحریر فرماتے ہیں مزامیر جائز نہیں۔ حضور سیدنا سلطان المشائخ نظام الحق والدین سردار سلسلہ عاریہہ چشتیہ نظامیہ فوائد الفواد شریف میں فرماتے ہیں:''مزامیرحرام ست۱ (مزامیر حرام ست۔ ت)(فوائد الفواد) (فتاوی رضویہ جلد ۲۱ص ۱۲۶)
     اس طرح کے نام نہاد پیرجو اسلام کو بدنام کرنے اور اسلام کی حدوں کو پامال کرنے میں مصروف ہیں ان کی تابعداری کرنا حرام ہے ۔ جو شخص عورتوں سے ہاتھ چوموائے اور مزامیر کے ساتھ قوالی سنیں یعنی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کی خلاف ورزی کرے وہ گمراہ ہے اور دوسروں کوبھی گمراہ کرنے والا ہے لہٰذا ایسے پیر پر لازم ہے کہ وہ اعلانیہ توبہ کرے اور آئندہ اس طرح نہ کرنے کا وعدہ کرے اور اگر ایسا نہ کرے تو محلہ کے مسلمان اس کا بائیکاٹ کردیں اور اسکی بیعت توڑ دیں کیوں کہ ایسوں کی بیعت ناجائز ہے۔
اور کسی جامع شرائط پیر سے بیعت ہو لیں جو یہ چاروں شرطیں رکھتاہو:
 اول  سنی صحیح العقیدہ ہو۔   
دوم علم دین رکھتاہو۔ 
 سوم  فاسق نہ ہو۔
 چہارم اس کا سلسلہ رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم تک متصل ہو،
     اگر ان میں سے ایک بات بھی کم ہے تو اس کے ہاتھ پر بیعت کی اجازت نہیں۔ (فتاوی رضویہ جلد ۲۱ص ۱۲۶) واللہ تعالی اعلم بالصواب

الفقیر تاج محمد قادری واحدی



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney