سوال نمبر 129
السلام علیکم و رحمة اللہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر غسل فرض ہو اور نماز کا وقت تنگ ہو کہ اگر غسل کرے گا تو نماز کا وقت ختم ہوجائے گا تو کیا حکم ہے ؟
سائل : فیصل ربانی گونڈوی
وعلیکم السلام و رحمة اللہ و برکاتہ
جواب صورت مسئولہ میں وہ شخص نجاست دھو کر تیمم کرکے نماز پڑھ لے پھر بعد میں نہا کر اس کا اعادہ کرے جیسا کہ در مختار میں ہے کہ " فالاحوط ان يتيمم و يصلى ثم يعيد " اھ ( در مختار ج 1 ص 367 : باب التیمم ) اور فتاوی رضویہ میں ہے کہ " تیمم کرکے نماز وقت میں پڑھ لے بعد کو نہا کر اعادہ کرے بہ یفتی " اھ ( فتاوی رضویہ ج 1 ص 586 : مطبع رضا اکیڈمی ممبئی ) اور بہار شریعت میں ہے کہ " وقت اتنا تنگ ہوگیا کہ وضو یا غسل کرے گا تو نماز قضاء ہوجائے گی تو چاہئے کہ تیمم کرکے نماز پڑھ لے پھر وضو یا غسل کرکے اعادہ کرنا لازم ہے " اھ ( بہار شریعت حصہ 2 ص 64 : تیمم کا بیان ، مطبع قادری کتاب گھر )
واللہ اعلم بالصواب
کریم اللہ رضوی
0 تبصرے