سوال نمبر 970
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا نکاح کے بعد بیوی اپنے نام کے ساتھ شوہر کا نام جوڑ سکتی ہے؟ بعض لوگ اس کو حرام اور کفار کا طریقہ قرار دیتے ہیں۔ اس کا شرعی حکم کیا ہے مع دلیل ارسال فرمائیں ۔
سائل: محمد جاوید اشرفی
وَعَلَیْڪُمْ اَلسَّــلَامْ وَرَحْمَةُ اللہِ وَبَرَڪَاتُہْ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجـواب بعـون المــلـک الوھـاب
بیوی کا اپنے نام کے ساتھ شوہر کا نام لگانا جائز ہے کیونکہ بیوی کا اپنے نام کے ساتھ شوہر کا نام لگانا اپنا نسب بتانے کے لئے نہیں ہوتا بلکہ رشتہ زوجیت کے اظہار کے لئے ہوتا ہے اور بیوی کا اپنے نام کے ساتھ شوہر کا نام لگانا تعریف وپہچان کے باب میں سے ہے اور تعریف وپہچان کبھی ولاء سے ہوتی ہے
اور کبھی تعریف وپہچان زوجیت کے ساتھ بھی ہوتی ہے جیسا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ تعریف وپہچان کے لئے حضرت لوط اور حضرت نوح علیہما السلام کی زوجہ اور فرعون کی زوجہ کی نسبت ان کے شوہروں کے ناموں کی طرف کرتے ہوئے ارشاد فرمایا "مثلا للذین کفروا امرات نوح وامرات لوط"
اور مزید ارشاد فرمایا: "وضرب اللہ مثلا للذین اٰمنوا امرات فرعون"
(پارہ ۲۸، سورۃ التحریم ، آیت ۱۰،۱۱)
اور یہ بات ظاہر ہے کہ ہمارے عرف میں شوہر کا نام اضافہ بطور نسب یا باپ بنانے کے لئے نہیں ہوتا بلکہ رشتہ زوجیت کے اظہار کے لئے ہوتا ہے لہٰذا اس میں شرعاً کوئی حرج نہیں
یعنی عورت نکاح کے بعد شوھر کا نام اپنے نام کے ساتھ جوڑ سکتی ہے ۔
بعض جاہلوں میں یہ مشہور ہے کہ اگر عورت اپنے شوہر کے نام کے ساتھ اپنا نام جوڑے تو نکاح ٹوٹ جاتا ہے یہ غلط ہے ۔
اور جن لوگوں نے اس کو حرام اور کفار کا طریقہ بتایا ہے یہ محض غلط باتیں ہیں
کتبہ: غلام محمد صدیقی فیضی
متعلم: (درجہ تحقیق سال دوم) دارالعلوم اہل سنت فیض الرسول براؤں شریف سدھارتھ نگر یوپی
۲۹/ذی القعدہ ۱۴۴۰ہجری بروز منگل
1 تبصرے
ماشاءاللہ.. آپ نے بہت عمدہ اور پیچیدہ مسئلہ کا حل فرمادیا ہے... اللہ آپ کو اجر عظیم عطا کرے .آمین
جواب دیںحذف کریں