سوال نمبر 1291
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
قبلہ عام طور پر جو بیہقی کا حوالہ دیا جاتا ہے اس کتاب کا پورا نام کیا ہے اور کن کی لکھی ہوئی ہے؟ برائے کرم بتائیں
المستفتی محمد عامر بوکارو جھار کھنڈ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعونہ تعالی:
امام بیہقی کا اسم مبارک ابو بکر احمد بن حسین بَیہَقی ہے نیشا پور سے تیس کوس دور ’’بَیْہَق‘‘ نامی گاؤں میں پیدا ہوئے اس لیے ’’بَیْہَقی‘‘کہلاتے ہیں ۔زہد و تقویٰ اور دیانت و عبادت میں علمائے ربانیین کی تمام خصائل حمیدہ کے جامع تھے ۔امام حاکم کے بلند مرتبہ شاگردوں میں سے ہیں ۔فن حدیث و فقہ اور تصانیف میں یکتائے روزگار ہوئے ہیں ۔ مشہور فقیہ وقت محمد بن عبد العزیز مَروزی کا بیان ہے کہ ایک روز میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک صندوق زمین سے آسمان کی طرف اڑا جارہا ہے اور اس کے اِرد گِرد نور چمک رہا ہے۔ میں نے دریافت کیا کہ یہ کیا چیز ہے؟ تو فرشتوں نے جواب دیا کہ یہ امام بَیْہَقی کی تصنیفات کا صندوق ہے جو بارگاہ ِالٰہی میں مقبول ہوگیا ہےـ
۱۰جمادی الاُولیٰ ۴۵۸ھ میں آپ کا وصال ہوا ۔لوگ آپ کو تابوت میں رکھ کر ’’بَیْہَق‘‘ گاؤں میں لائے اور مقام خسروْ جرد میں دفن کیا ـ
(بسطان المحدثین مترجم صفحہ ۱۳۳ تا ۱۳۵ واکمال فی اسماء الرجال الباب الثانی فی ذکر ائمہ صفحہ ۶۲۸)
اور بیہقی شریف کا پورا نام السنن الکبری بیہقی ہے ۱۰ جلدوں میں ہے۔
واللہ تعالی ورسولہ اعلم بالصواب
کتبہ: حقیر عجمی محمد علی قادری واحدی
0 تبصرے