سوال نمبر 1310
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ: کیا بیوہ عورت کانچ کی چوڑی پہن سکتی ہے؟ اگر نہیں تو کتنے دن تک؟ اور کیا کیا نہیں استعمال کر سکتی ہے؟ بینوا توجرروا
المستفتی:۔ رضوان خاں کلکتہ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب:
جب شوہر کا انتقال ہوجائے تو عورت کو حکم ہے کہ وہ چار ماہ دس دن تک عدت گزارے۔
جیسا کہ ارشاد ربا نی ہے: ’’وَالَّذِیْنَ یُتَوَفَّوْنَ مِنْکُمْ وَیَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا یَّتَرَبّصْنَ بِاَنْفُسِھِنَّ اَرْبَعَۃَ اَشْھُرٍ وَّ عَشْرًا‘‘
اور تم میں جو مریں اور بیبیاں چھوڑیں وہ چار مہینے دس دن اپنے آپ کو روکے رہیں۔ (پارہ ۱؍سو رہ بقر آیت نمبر ۲۳۴ )
اور ان ایام کو عدت وفات کہتے ہیں یعنی ان دنوں میں عورت کو ہر وہ چیز منع ہے جو بطور زینت ہو مثلاً چا ندی سونا جواہر (بالا جھالا،جھمکی، چوڑی ،پائل ) وغیرہ کے استعمال سے پرہیز کرے اور ہر قسم اور ہر رنگ کے ریشم کے کپڑے نہ پہنے خوشبو بدن یا کپڑے میں نہ لگائے اور نہ تیل استعمال کرے چاہے تیل بے مہک ہو (جیسے زیتون کا تیل) اور نہ کنگھا کرے اور نہ کالا سرمہ لگائے ۔ یونہی سفید خوشبودار سرمہ لگانا ، منہدی لگانا ،اور زعفران یا کسم یا گیرو کا رنگا ہوا کپڑا یا سرخ رنگ کا کپڑہ پہننا منع ہے اور ان سب چیزوں کا چھوڑنا واجب ہے ۔یونہی گلابی رنگ، دھانی، چمپئی، اور طرح طرح کے رنگ جس میں تزئین ہوتا ہے سب کو چھوڑ دے ۔
ہاں جس کپڑے کا رنگ پرانا ہوگیا ہو کہ اب اس کا پہننا زینت نہیں اسے پہن سکتی ہے۔عذر یعنی مجبو ری کی وجہ سے ان چیزوں کا استعمال کرسکتی ہے مگر اس حا لت میں اس کا استعمال زینت کے ارادے سے نہ ہو جیسے درد سر کی وجہ سے سر میں تیل لگا سکتی ہے ،آنکھ کی درد میں سرمہ لگا سکتی ہے مگر سیاہ سرمہ اس وقت لگا سکتی ہے جبکہ سفید سر مہ سے کام نہ چلتا ہو (یا نہ ملتا ہو)اور اگر رات کا لگانا کا فی ہو تو دن میں نہ لگائے۔ (عامۂ کتب فقہ)
خلاصہ یہ ہے کہ مذکورہ بالا چیزیں بیوہ عورت کو ایام عدت یعنی چاند کی تاریخ سے چار ماہ دس دن تک جائز نہیں ہے اور بعد عدت کوئی حرج نہیں ۔
واللہ تعا لیٰ اعلم باالصواب
کتبہ: فقیر تاج محمد قادری واحدی
0 تبصرے