آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

اگر کوئی نبی کریم ﷺ کے نوری ہونے کا انکار کرے تو اس پر حکم شرع کیا ہے؟

 سوال نمبر 1329


السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین درج ذیل مسئلہ میں کہ زید نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نوری ہونے کا منکر ہے تو اس پر کیا حکم شرع ہے کیا زید کافر ہوگیا؟۔

بحوالہ جواب عنایت فرمائیں نوازش ہوگی

سائل محمد عامر حسین بوکارو جھارکھنڈ






وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الجواب بعون الملک الوھاب: 

 جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے نور ہونے کا انکار کرے وہ کافر ہے۔

کیونکہ خود اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:  

"اول ما خلق اللہ نوری"

 اللہ تعالی نے سب سے پہلے میرے نور کو پیدا فرمایا 


ارشاد باری تعالی ہے 

"قد جآکم من الله نور و كتاب مبين"

بے شک تمہارے پاس اللہ کی طرف سے ایک نور آیا اور روشن کتاب۔

( قرآن مجید، سوره مائدة آیت نمبر ١٥)

 

تفسیر خازن میں اسی آیت کے ما تحت ہے: 

یعنی اس آیت میں "نور" محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں رب نے انہیں نور اس لئے فرمایا کہ حضور سے ہدایت حاصل کی جاتی ہے جیسے کہ اندھیری میں نور سے ہدایت لی جاتی ہے ۔


تفسیر روح البیان شریف میں اسی آیت کے ما تحت ہے:

"وقیل المراد بالاول ھو الرسول صلی اللہ علیه وسلم بالثانی القرآن" 

کہا گیا ہے کہ اول یعنی نور سے مراد حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اور کتاب سے مراد قرآن ہے۔


حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے رب کا نور ہونے پر بے شمار احادیث وارد ہیں: 

چنانچہ عبدالرزاق نے اپنی مسند میں حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کی میں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے ماں باپ آپ پر فدا ہوں مجھے خبر دیجئے کہ سب اشیاء سے پہلے اللہ تعالی نے کیا پیدا فرمایا۔ آپ نے فرمایا کہ اے جابر اللہ تعالی نے تمام چیزوں سے پہلے تیرے نبی کا نور اپنے نور سے پیدا کیا۔ پھر وہ نور قدرت الہی سے جہاں اللہ کو منظور ہوا سیر کرتا رہا۔ اس وقت نہ لوح تھی نہ قلم نہ جنت نہ دوزخ نہ فرشتے تھے ۔ نہ آسمان نہ زمین نہ چاند تھا نہ سورج نہ جن تھے نہ انسان۔ پھر جب اللہ تعالی نے اور مخلوق کو پیدا کرنا چاہا تو اس نور کے چار حصے کئے ۔ ایک حصہ سے قلم دوسرے سے لوح محفوظ ۔ تیسرے سے عرش وغیرہ پیدا فرمایا


بہرحال حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا نور ہونا بہت ہی احادیث سے ثابت ہے ۔

نور کا انکار قرآن کی آیتوں اور احادیث کا انکار ہے جو کفر ہے۔

(ماخذ رسالہ نور صفحہ ١٣،١٤،١٥،١٦، مصنف۔ حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمتہ اللہ علیہ) 


واللہ تعالی اعلم بالصواب


کتبہ: محمد مدثر جاوید رضوی کشن گنج

 ٢٩/ جُمادَی الاُولیٰ ١٤٤٢ ہجری

 ١٤/ جنوری ٢٠٢١ عیسوی

 دن:- جمعرات




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney