سوال نمبر 1401
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
کیا فرماتے علمائے دین و مفتیان شرع متین درج ذیل مسئلہ میں کہ ناپاک کنویں کا کل پانی نکالنا ممکن نہ ہو تو کیا حکم ہے مع حوالہ جواب عنایت فرمائیں نوازش ہوگی
المستفتی محمد عامر حسین بوکارو جھارکھنڈ
وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ
الجواب۔ بعون الملک الوھاب ۔
ناپاک کنوئیں کا کل پانی نکالنا ممکن نہ ہو تو حکم یہ ہے کہ پانی کی گہرائی ناپ لیں اس کے بعد کوئیں سے پانی کو جلدی جلدی نکال کر اندازہ کرلیں کتنا پانی نکلا ۔ مثلا ایک منٹ میں کوئیں میں سے پانی کتنا کم ہوا ۔ اسی حساب سے پانی نکال لیں کوآں پاک ہو جاۓ گا ۔
فقیہ اعظم حضور صدرالشریعہ بدرالطریقہ علامہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمة والرضوان تحریر فرماتے ہیں ،، جو کوآں ایسا ہو کہ اس کا پانی ٹوٹتا ہی نہیں چاہے کتنا ہی نکالیں اور اس میں نَجاست پڑ گئی یا اس میں کوئی ایسا جانور مر گیا جس میں کُل پانی نکالنے کا حکم ہے تو ایسی حالت میں حکم یہ ہے کہ معلوم کر لیں کہ اس میں کتنا پانی ہے وہ سب نکال لیا جائے۔ نکالتے وقت جتنا زیادہ ہوتا گیا اس کا کچھ لحاظ نہیں اور یہ معلوم کر لینا کہ اس وقت کتنا پانی ہے اس کا طریقہ یہ ہے کہ دو مسلمان پرہیزگار جن کو یہ مہارت ہو کہ پانی کی چوڑائی گہرائی دیکھ کر بتا سکیں کہ اس کوئیں میں اتنا پانی ہے وہ جتنے ڈول بتائیں اتنے نکالے جائیں اور دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اس پانی کی گہرائی کسی لکڑی یا رسّی سے صحیح طور پر ناپ لیں اور چند شخص بہت پھرتی سے سو ۱۰۰ ڈول مثلاً نکالیں پھر پانی ناپیں جتنا کم ہو اسی حساب سے پانی نکال لیں کوآں پاک ہو جائے گا۔ اسکی مثال یہ ہے کہ پہلی مرتبہ ناپنے سے معلوم ہوا کہ پانی مثلاً دس ہاتھ ہے پھر سو ۱۰۰ ڈول نکالنے کے بعد ناپا تو نو ۹ ہاتھ رہا تو معلوم ہوا کہ سو ۱۰۰ ڈول میں ایک ہاتھ کم ہوا تو دس ۱۰ ہاتھ میں دس سو ۱۰۰۰ یعنی ایک ہزار ڈول ہوئے۔
الفتاوی الھندیۃ ‘‘ ، کتاب الطہارۃ، الباب الثالث في المیاہ، الفصل الأول، جلداول ۱ ، صفحہ ۲۰ ، ۱۹۔
و ’’ الفتاوی الرضویۃ ‘‘ ، جلدسوم ۳ ، صفحہ ۲۹۳ ، ۲۹۴۔
بہارشریعت جلداول حصہ دوم صفحہ ٣٤٣ ۔ کوئیں کابیان المکتبة المدینة دعوت اسلامی
وھو سبحانہ تعالٰی اعلم بالصواب
کتبه
العبد ابوالفیضان محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ
دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام
بتھریاکلاں ڈومریاگنج سدھارتھنگر یوپی
٧ رجب المرجب ١٤٤٢ھ
١٨ فروری ٢٠٢١ء
1 تبصرے
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں ہمارے ایک ٹیوب ویل کے اندر بکری کا بچہ گر گیا ہے اور کافی دنوں کے بعد معلوم ہوا کہ پانی میں بدبو آرہی ہے اور وہ سڈ گل گیا ہے اب اس کا باہر نکالنا ممکن نہیں ہے تو اس صورت میں پانی پاک کیسے ہوگا جواب عنایت فرمائیں برائے مہربانی جلدی سے جواب عطا فرمائیں
جواب دیںحذف کریںسائل عثمان قادری باڑمیر راجستھان