صحابہ کرام میں سب بڑا مرتبہ کن کا ہے؟

 سوال نمبر 1442


اَلسلامُ عَلَيْكُم وَرَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُهُ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ میں اور تمام صحابہ کرام میں سب سے افضل و مرتبہ والے کون ہیں؟ مدلل و مفصل جواب عنایت فرمائیں


 المستفتی : محمد زبیر بلرامپور








وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ 

بسم الله الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب ،


تمام بشر میں انبیاء  و رسل علھیم السلام کے بعد سب سے افضل مرتبہ حضرت ابو بکر صدیق رضی الله تعالٰی عنہ کا ہے ، اور اسی پر امت کا اجماع بھی ہے ، 


جو شخص حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ سے افضل حضرتِ علی  رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بتائے وہ تفضیلی ہے، یعنی گمراہ ہے، اہل سنت سے اس کا کوئی تعلق نہیں، 


 چنانچہ امام اہل سنت، اعلی حضرت علیہ الرحمۃ والرضوان تحریر فرماتے ہیں :

"اہل سنت و جماعت نصرہم اللہ تعالی کا اجماع ہے کہ مرسلینِ ملائکہ، و رسل و انبیائے بشر صلوات اللہ تعالی و تسلیماتہ علیھم کے بعد حضراتِ خلفائے اربعہ رضوان الله تعالی علیھم تمام مخلوقِ الہٰی سے افضل ہیں۔"


تمام اممِ عالم اولین و آخرین میں کوئی شخص ان کی بزرگی و عظمت عزت و وجاہت و کرامت و وقرب و ولایت کو نہیں پہونچتا، 

اَنَّ الْفَضْلَ بِیَدِ اللّٰهِ یُؤْتِیْهِ مَنْ یَّشَآءُؕ-وَ اللّٰهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِیْمِ۠


   ترجمۂ کنز الایمان     

 فضل اللہ کے ہاتھ ہی دیتا ہے جسے چاہے اور اللہ بڑے فضل والا ہے ۔

(القرآن سورۃ الحدید آیت ۲۹) 

"پھر ان میں باہم ترتیب یوں ہے کہ سب سے افضل صدیقِ اکبر ، پھر فاروقِ اعظم ، پھر عثمانِ غنی ، پھر مولی علی صلی اللہ تعالی علی سیدہم و مولاہم و آلہ و علیہم و بارک وسلم ۔"

اس مذہبِ مہذَّب پر آیاتِ قرآنِ عظیم و احادیثِ کثیرۂ حضور پرنور نبیِ کریم علیہ و علی آلہ و صحبہ الصلوۃ و التسلیم و ارشاداتِ جلیہ واضحۂ امیر المؤمنین مولی علیِ مرتضی و دیگر ائمۂ اہلِ بیت طہارت و ارتضا و اجماع صحابۂ کرام و تابعینِ عظام و تصریحاتِ اولیائے امت و علمائے امت رضی اللہ تعالی عنہم اجمعین سے وہ دلائلِ باہرہ و حججِ قاہرہ ہیں، جن کا استیعاب نہیں ہوسکتا ۔"


(فتاوی رضویہ،جلد ۲۸ ،صفحہ ٤٧٨ رضا فاؤنڈیشن، لاہور)


مزید تفصیلات کے لیے فتاویٰ رضویہ کا مطالعہ کریں، 


واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

            کتبہ 

فقیر محمد معصوم رضا نوریؔ عفی عنہ، 


۳ رجب المرجب ۲٤٤١؁ ھجری







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney