کیا تین بار سورہ اخلاص پڑھ کر کسی کو ایک ختم قرآن دے سکتے ہیں؟

سوال نمبر 1493

السلام علیکم و رحمتہ اللہ برکاتہ

آپ حضور والا کی بارگاہ میں ایک سوال عرض ہے کہ اگر کوئی شخص قرآن شریف کے پارے مانگتے ہیں اور صرف تین بار سورہ اخلاص پڑھ کر کہتے ہیں کہ ایک ختم قرآن شریف لے لو تو کیا صرف تین بار سورہ اخلاص پڑھنے سے ایک ختم قرآن شریف کا ثواب ملتاہے کیا ایسا کرنا درست ہے جواب ارسال فرمائیں بہت مہربانی ہوگی 

سائل محمد رضوان احمد صمدی اتر دیناجپور

وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

بسم الله الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب

صرف تین بار سورۂ اخلاص پڑھ کر کسی سے کہنا کہ ایک ختم قرآن شریف لے لو یہ سراسر غلط ہے کیونکہ جس حدیث شریف میں تین مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنے کو ایک قرآن شریف کے برابر بتایا گیا ہے وہاں صرف سورۂ اخلاص کی فضیلت بتانا مقصود ہے ، جیسا کہ فتاویٰ فقیہ ملت میں ہے  جس حدیث شریف میں سورہ اخلاص پڑھنے  کے ثواب کو قرآن مجید کے ثواب کے برابر فرمایا گیا وہاں صرف سورہ اخلاص کی فضیلت بتانا مقصود ہے اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہر اعتبار سے سورہ اخلاص پڑھنے کا ثواب قرآن مجید پرھنے کے ثواب کے  برابر ہے  حدیث شریف " قل هو الله احد يعدل ثلث القرآن " کے تحت ملا علی قاری علیہ رحمة الله الباری تحریر فرماتے ہیں کہ " معناه أن لها فضلا فى الثواب تحريضا على تعلمها لا ان قرأتها ثلاث مرات كقرأة القرآن فان هذا لا يستقيم و لو قرأها مائة مرة " (مرقاة ج ٤ ص ٣٤٩)

اور اگر تیس سورہ اخلاص کا پڑھنے سے دس قرآن پاک پڑھنے کی طرح ہوجائے تو تراویح میں پورے قرآن پاک کی جگہ صرف تین بار سورہ اخلاص کا پڑھنا کافی ہوجائے گا۔ اور بہار شریعت  ح ۱٦ ص ١٦٩ پر حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے مروی حدیث ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اولاد والدین کی طرف نظر رحمت کرے تو اسے حج مبرور کا ثواب ملتا ہے الخ تو والدین کو ایک بار محبت کی نظر سے دیکھ لینے پر حج نہیں پورا ہوجائے گا لہذا کسی کو ایصال ثواب کی خاطر دس قرآن مجید یہ خیال کر کے دینا کہ ہم نے تیس بار سورہ اخلاص پڑھ کر دیا ہے درست نہیں صرف تیس بار سورہ اخلاص کا پڑھنا شمار کیا جائےگا فتاویٰ فقیہ ملت جلد اول صفحہ  ۲۹۰ باب طعام المیت وایصال الثواب

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب


کتبہ

فقیر محمد معصوم رضا نوریؔ عفی عنہ

۱٤ شعبان المعظم ۲٤٤١؁ ھجری







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney