کھڑے ہوکر یا جھک کر وضو کرنا کیسا ہے؟

 سوال نمبر 1526


السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں جو شخص نل پر کھڑا ہو کر وضو کرے اس کے لئے شریعت میں کیا حکم ہے؟ جیسا کہ ہمارے  بہت سارے علمائے کرام ایسا کرتے ہوئے نظر آرہے  ہیں اور میں بھی اسی طرح سے وضو کرتا ہوں نل پر جھک کر وضو کرنا کیسا ہے؟ 

المستفتی : محمد سہیل رضاواحدی قادری لکھیم پوری

وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 

بسم الله الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب 


بیٹھ کر وضو کرنا آدابِ وضو میں سے ہے لیکن کھڑے ہو کر بھی وضو کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، یہ جائز ہے اور وضو ہو جاتا ہے، وضو کے لیے اونچی جگہ بیٹھنا  وضو کے مستحبات میں سے ہے۔جیسا کہ نور الایضاح میں ہے الجلوس فی مکان مرتفع(نور الايضاح صفحہ ٤٤) فصل مستحبات وضو/ مکتبہ قادریہ لاہور)


 چونکہ بھیڑ کی کثرت یا جگہ کی قلت کی وجہ سے کھڑے ہوکر یا جھک کر وضوکرنا پڑتاہے مثلا قبرستان وغیرہ میں بیٹھنے کی جگہ نہیں ہوتی اور لوگ بھی کثیر تعداد میں ہوتے ہیں اس لئے وہاں جھک کر ہی وضو کرنا پڑتاہے یونہی بس اڈے یا ریلوے اسٹیشن وغیرہ نل اس انداز میں ہوتا ہے کہ بیٹھنے کی جگہ نہیں ہوتی ہے تو مجبورا کھڑے ہوکر وضو کرنا پڑتا ہے ویسے کھڑے ہوکر وضو کرناشرعا جائز ہے  یعنی کوئی گناہ نہ ہوگا اور وضوبھی ہوجائے گا  لیکن جہاں مجبوری نہ ہو اور بیٹھنے کے لئے جگہ ہو تو  افضل یہ ہے کہ بیٹھ کر وضو کیا جائے۔واللہ و رسولہ اعلم بالصواب


              کتبہ

فقیر محمد معصوم رضا نوریؔ عفی عنہ

۱۸ رمضان المبارک ۲٤٤١؁ ھجری







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney