عالم کو گالی دینے والے پرکیاحکم ہے؟

 سوال نمبر 1596

 السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ کسی بھی عالم کو سور کی اولاد کہنا کیسا ہے؟مدلل جواب عنایت فرمائیں 

 المستفتی  عبد اللہ یوپی

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الجواب بعون الملک الوہاب

شریعت مطہرہ میں کسی مسلمان کو گالی دینا حرام قطعی ہے رسول کریم علیہ الصلاوۃ والتسلیم فرماتے ہیں سباب المسلم فسوق

(مشکوۃ شریف باب حفظ اللسان والعیب والشتم)

مسلمان کو گالی دینا گناہ کبیرہ ہے 

پھر یہ کہ مسلمان کو گالی دینا ایذاۓ مسلم ہے جو بحکم خدا ورسول جل جلالہ وصلی اللہ علیہ وسلم سخت ممنوع وناروا ہے  

جب عام مسلمانوں کے باب میں یہ احکام ہیں تو علماۓ کرام کی شان تو ارفع واعلی ہےاللہ تعالی نے قرآن شریف میں ارشاد فرمایا ہے (یَرْفَعِ اللّٰهُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مِنْكُمْۙ-وَ الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ دَرَجٰتٍ)(سورۃ ، المجادلۃ ،، آیت ١١ کنزالایمان)

اللہ تمہارے ایمان والوں کے اور ان کے جن کو علم دیا گیا درجے بلند فرمائے گا

اور فرماتا ہے *هَلْ یَسْتَوِی الَّذِیْنَ یَعْلَمُوْنَ وَ الَّذِیْنَ لَا یَعْلَمُوْنَؕ*(سورۃ ، الزمر  آیت  ٩ کنزالایمان)

کیا برابر ہیں جاننے والے اور انجان اورسیدی سرکار اعلیحضرت علیہ الرحمۃ والرضوان حدیث پاک نقل کرتے ہوۓ تحریر فرماتے ہیں

حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں*لیس من امتی من لم یعرف لعالمناحقه*جو ہمارے عالم کا حق نہ پہچانیں وہ میری امت سے نہیں

اور دوسری جگہ ارشاد فرماتے ہیں*لایستخف بحقھم الا منافق*علما کو  ہلکا نہ جانے گا مگر منافق 

اگر عالم کو اسلئے برا کہتاہے کہ وہ عالم ہے جب تو صریح کافر ہے اور اگر بوجہ علم اس کی تعظیم فرض جانتا ہے مگر کسی دنیوی خصومت کے باعث برا کہتا ہے  گالی دیتا ہے   تحقیر کرتا ہے  تو سخت فاجر ہے اور اگر بےسبب رنج رکھتا ہے تو مریض القلب خبیث الباطن ہے  اور اس کے کفر کا اندیشہ ہے

اورآگے تحریر فرماتے ہیں*من ابغض عالمامن غیرسبب ظاہر خیف علیه الکفر*جو کسی عالم سےبغیر سبب ظاہری کے عداوت رکھتا ہے اس کے کفر کا اندیشہ ہے(فتاوی رضویہ ، ج ٢١ ، ص ١٢٨،،١٢٩ دعوت اسلامی)

مذکورہ نصوص سے ظاہر ہوگیا کہ علماۓ کرام عظیم المرتبت رفیع الدرجت ہیں ان کو سب وشتم کرنا حرام اشدحرام بدکام بدانجام ہے لہذا  گالی دینے والا شخص گناہ گار سیاہ کار اور مستحق عذاب نار ہے اوربوجہ علم عالم کوگالی دینے والا کافرہے

والله تعالی اعلم بالصواب

کتبه

محمد فرقان برکاتی امجدی

١٩/ ذیقعدہ   ١٤٤٢ ھ

٣٠/جون      ٢٠٢١  ء

فتاوی مسائل شرعیہ







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney