آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

ساس سے زنا کیا تو بیوی کے لئے کیا حکم ہے؟

سوال نمبر 1886

السلام علیکم ورحمةاللہ وبرکاتہ۔
 کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ داماد نے ساس کے ساتھ زنا کیا تو کیا اس کی بیوی اس کے نکاح سے نکل گئی اگر نکاح سے نکل گئی تو اب یہ عورت کیا کرے شوہر کے گھر جا نہیں سکتی اور ماں گھر میں گھسنے نہیں دیتی اس مسئلہ کے لئے قریب ایک سال ہو چکا ہے۔مدلل جواب سے مطمئن فرمائیں مہربانی ہوگی۔

المستفتی۔ فرید الزماں نوری سہسواں بدایوں

 وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
 الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایة الحق والصواب: 
صورت مسٸولہ میں اگرداماد نے ساس کے ساتھ زنا کیا تو اس کی بیوی اس کے نکاح سے تونہیں نکلے گی البتہ اس کی بیوی اس پر ہمیشہ کے لۓ حرمت مصاہرت کی وجہ سے حرام ہو گئی ۔ اب اس شخص پر واجب ہے کہ وہ اپنی بیوی کو چھوڑ دے۔ اگر نہیں چھوڑے گا تو گنہگار ہوگا اور بیوی کے حق میں بھی گرفتار ہوگا۔ 
 اللہ پاک کا ارشاد ہے " فَإِمْسَاكٌ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِيحٌ بِإِحْسَانٍ " 
(سورة البقرة آیت٢٢٩)
 واذ قد فاته الامساك بالمعروف لزمه التسریح باحسان " بھلائی سے پاس رکھو یا یا اچھے انداز میں اس کو آزاد کر دو، اس صورت میں پاس رکھنا ممکن نہیں رہا لہٰذا اسے خود چاہئے کہ چھوڑ دے ۔ جب تک وہ (شوہر) ترک نہ کرے یا حاکم شرح تفریق نہ کر دے نکاح بے شک باقی ہے۔ دوسری جگہ ہر گز اس لڑکی(یعنی اس کی بیوی) کا نکاح جائز نہیں۔ ہاں بعد متارکہ یا تفریق حاکم شرح پدر دختر(یعنی اس لڑکی کا باپ) کو اختیار ہوگا کہ اس لڑکے کے سوا جس سے چاہے نکاح کردے۔ در مختار میں ہے 
" بحرمة المصاھرة لا یرتفع النکاح حتی لایحل لھا التزوج باخر الابعد المتارکة وانقضاء العدة والوطء بھا لایکون زنا ١ھ"
(در مختار فصل فی المحرمات مطبع مجتبائی دہلی جلد اول صفحہ ١٨٨) ردالمحتار میں ہے 
" ای وان مضی علیھا سنون کما فی البزازیة و عبارة الحاوی الا بعد تفریق القاضی اوبعد المتارکة اھ (ردالمحتار فصل فی المحرمات دار احیاء التراث العربی بیروت جلد دوم صفحہ ٢٨٣) 
(ایسا ہی فتاوی رضویہ مترجم جلد یازدہم ٣٢١ تا ٣٢٤ پر ہے) مذکورہ عبارات سے معلوم ہوا کہ اگر کوئی شخص اپنی ساس سے زنا کر لے تو اس کی بیوی اس کے نکاح سے نہیں نکلتی البتہ اس پر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے حرام ہو جاتی ہے۔ لہٰذا جب نکاح سے نہیں نکلی ہے تو لڑکی اپنے شوہر کے پاس ہی رہے گی جب تک طلاق نہ دے .
 واللہ سبحانه و تعالی اعلم وعلیه جل مجدہ اتم واحکم 
کتبہ 
 محمد مدثر جاوید رضوی مقام۔ دھانگڑھا، بہادر گنج ضلع۔ کشن گنج، بہار 
 ٥/ جمادی الاولیٰ ۱۴۴۳ھ ١٠/ دسمبر ۲۰۲۱ء دن/ جمعہ



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney