آپ قوم کی بہتری کے لئے کچھ ہدیہ کریں کلک کریں

حضرت زلیخا رضی اللہ تعالٰی عنہا کی پہلی شادی کس سے ہوئی تھی؟


 سوال نمبر 1957

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ حضرت زلیخا کی پہلی شادی کس سے ہوئی تھی اور کتنے بچوں کی پیدائش ہوئی جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی؟

المستفتی ،حشمت رضا نظامی گورکھپوری



وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

الجواب بعون الملک العزیز الوھاب 

حضرت زلیخا رضی اللہ تعالٰی عنہا کی پہلی شادی قطیفر سے ہوئی جس کو عزیز مصر کہا جاتا ہے جو کہ بادشاہ مصر ریان کے یہاں گورنر کے عہدے پر فائز تھا لیکن اس سے کوئی اولاد نہیں تھی کیونکہ عزیز مصر نامرد تھا جب عزیز مصر مر گیا تو حضرت زلیخا ایمان لائیں اور حضرت یوسف علیہ السلام سے نکاح ہوا جن سے دو صاحبزادے ہوئے ایک کا نام ،افراثیم، دوسرے کا نام ،میشاء،تھا 


جیسا کہ تفسیر نعیمی میں ہے 

زلیخا شاہ طیموس جو سارے مغرب میں یعنی تہائی دنیا کا بادشاہ تھا اس کی اکلوتی بیٹی تھی خواب میں دیدار یوسف سے مشرف ہو چکی تھی اور آپ نے اپنا پتا بتا دیا تھا کہ میں عزیز مصر ہوں اور میں تیرے لیے ہوں اور تو میرے لیے زلیخا کئی سال پہلے ہی اپنے خواب والے عزیز مصر پر عاشق ہو چکی تھی انیس بادشاہوں اور خوبصورت شہزادوں کے پیغام نکاح آئے مگر زلیخا نکاح پر راضی نہ ہوئی جب عزیز مصر کا پیغام آیا تو فورا راضی ہوگئی اور قطیفر سے اس کی شادی ہوگئی جب پہلی بار منہ دکھلائی ہوئی تو زلیخا سخت غمزدہ ہوئی اور خود کشی کرنے کا ارادہ کیا لونڈیوں میں ایک لونڈی نے کہا تو صبر کر تیرا خواب پورا ہو گا اور بتایا کہ عزیز نامرد ہے تو فکر مند نہ ہو عزیز مصر کسی رات بھی زلیخا کے قریب نہ آ سکا اور زلیخا کنواری ہی رہی گویا کہ رب تعالیٰ نے زلیخا کو قطیفر کے پاس امانت بنا کر رکھا، 

(حضرت یوسف علیہ السلام کے لۓ) 

(تفسیر نعیمی جلد ۱۲ صفحہ ۴۲۶ مکتبہ رضویہ مٹیا محل دھلی)


اور، جاء الحق میں ہے 

حضرت زلیخا یوسف علیہ السلام کی زوجہ اور قابل احترام بیوی ہیں ان کا یوسف علیہ السلام کے نکاح میں آنا عام تفاسیر سے ثابت ہے انہی سے یوسف علیہ السلام کے دو فرزند پیدا ہوئے افراثیم اور میشاء ،تفسیر خازن، تفسیر کبیر، معالم تنزیل، وغیرہ میں اس کی تصریح ہے ،

(باب عصمت انبیاء صفحہ ۴۳۷ خواجہ بکڈپو دھلی)


واللہ تعالی اعلم بالصواب 

کتبــــــــــــــــہ 

محمد معراج رضوی براہی سنبھل




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney