صلاۃ الغوثیہ پڑھنے کا طریقہ و فائدے؟


سوال نمبر 2011

 السلام علیکم ورحمةاللہ وبرکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ میں کہ صلاة الغوثیہ پڑھنے کا مکمل طریقہ کیا ہے ؟ اور پڑھنے سے کیا فائدے ہیں  ؟ 

بینواوتوجروا 

المستفتی ۔ عبداللہ قادری بلرامپور 




وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ 

الجواب۔بعون الملک الوھاب

 صلاة الغوثیہ: یہ نماز چونکہ قطب ربانی محبوب سبحانی شہبازلامکانی سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالی عنہ سے منقول ہے ۔ اس واسطے اس کانام نمازغوثیہ ہوا۔ اس نماز کے پڑھنے سے حاجتیں پوری ہوتی ہیں جو جس مقصد کے تحت پڑھتا ہے بفیض غوث اعظم اس کی ہر جائز مراد پوری ہوتی ہے ۔ یہ نماز دعاؤوں کی مقبولیت اور حاجتوں کے پوری ہونے کےلۓ ایک مجرب عمل ہے ۔

 اس نماز کا دوسرا نام صلاةالاسرار بھی ہے ۔ 


سیدالعلماءامام النحو حضرت علامہ مفتی سید غلام جیلانی میرٹھی علیہ الرحمةوالرضوان 

اس نماز کے پڑھنے کا طریقہ یوں تحریرفرماتےہیں کہ  : ۔ بعد نماز مغرب سنتیں پڑھ کر دورکعت نماز نفل پڑھے اور سورہ فاتحہ  (الحمداللہ )مکمل سورہ کے بعد ہر رکعت میں گیارہ گیارہ بار سورہ اخلاص ( قل ھوالله) مکمل سورہ پڑھے ۔ 


سلام کے بعد اللہ تعالی کی حمد وثنا کرکے حضورنبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی بارگاہ میں گیارہ مرتبہ ہدیہ درود شریف پیش کرے اور گیارہ بار یوں کہے ،، یارسول الله یانبی الله اغثنی وامددنی فی قضاء حاجتی یاقاضی الحاجات ۔

ترجمہ : اے اللہ کے رسول اے اللہ کے نبی میری فریاد کو پہنچیےاورمیری مددکیجیے میری حاجت پوری ہونے میں ۔اے تمام حاجتوں کےپوراکرنے والے ۔ 


پھرعراق کی جانب گیارہ قدم چلے ہرقدم پر یہ کہے ،، 

یاغوث الثقلین یاکریم الطرفین اغثنی وامددنی فی قضاء حاجتی یاقاضی الحاجات ۔ 


ترجمہ  : اے جن وانس کے فریادرس اوراےدونوں طرف  (ماں و باپ)  سے بزرگ میری فریاد کوپہنچیۓ اور میری مدد کیجئے ۔ میری حاجت پوری ہونے میں اےحاجتوں کے پورا کرنے والے ۔ 


پھر حضوراقدس ﷺ کے توسل سے اللہﷻ سے دعاء کرے ۔ 


(نظام شریعت صفحہ ٢١٦ )


(ھکذافی بھجۃ الأسرار ‘‘ ، ذکر فضل أصحابہ و بشراہم، ص ۱۹۷۔  بتصرف ۔)


(ھکذافی  بہارشریعت جلداول حصہ چہارم صفحہ ٦٩١  سنن و نوافل کا بیان ۔ المکتبة المدینة دعوت اسلامی ۔ ) 


(اخبارالاخیار صفحہ ٢٦ )


(نزھةالخاطر صفحہ  ٧٨) 


 نوٹ : ۔ ہمارے اسلاف نے اس نماز کو کثرت سے پڑھا ہے اور اس کے بے شمار فوائد کا ذکر کیا ہے جو اورادووظائف کے کتابوں میں مرقوم ہیں ۔  


وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب 


کتبه 


العبد ابوالفیضان محمد عتیق اللہ صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ 

دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام 

بتھریاکلاں ڈومریا گنج سدھارتھنگر یوپی ۔ 

متوطن کھڑریابزرگ پھلواپور گورابازار سدھارتھنگر یوپی 

٩      رجب المرجب        ١٤٤٣ھ

١١      فروری                 ٢٠٢٢ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney