حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے کتنے بال سفید تھے؟

 

سوال نمبر 2013

 السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی داڑھی مبارک میں کتنے بال سفید تھے اور سرِ مبارک میں کتنے بال سفید تھے ؟

المستفتی : محمد جنید عالم دیناج پوری




و علیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ 

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

الجواب بعون الملک العزیز الوھاب

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سفید بال شریف کے متعلق مختلف روائتیں پائ جاتی ہیں راجح قول یہی ہے کہ کل بیس بال شریف سفید ہوۓ تھے ہمارے نبی کریم ﷺ کے اور بعض کے نزدیک انیس تھے 

سرِ مبارک میں چودہ بال سفید تھے داڑھی مبارک میں پانچ بال اور ریش بچی میں ایک اس طرح کل تعداد سفید بال شریف کی بیس تھی 


حدیث شریف میں ہے 


"وعن جابر سمرۃ قال کان رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم قد شمط مقدم رأسه ولحیته وکان اذا ادھن لم یتبین واذا شعت رأسه تبین وکان کثیر شعر اللحیة "

ترجمه 

روایت ہے حضرت جابر ابن سمرہ سے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کے سرِ پاک اور داڑھی شریف کا اگلا حصہ کھچڑی تھا اور جب آپ تیل لگاتے تو ظاہر نہ ہوتا تھا اور بال بکھرے ہوتے تو ظاہر ہوتا ،


حکیم الامت مفتی یار خان نعیمی رحمۃ ﷲ علیہ اس حدیث شریف کی شرح میں فرماتے ہیں 

سر شریف میں چودہ بال سفید تھے داڑھی شریف میں پانچ بال اور ریش بچی میں ایک بال سفید کل بیس بال شریف سفید ہوۓ تھے اس کے متعلق اور بھی روایات ہیں یعنی آپ کے بالوں کا کھچڑی ہونا جب ظاہر ہوتا تھا جبکہ بال شریف بکھرے ہوئے ہوتے ورنہ ظاہر نہ ہوتا تھا جس سے معلوم ہوا کہ بہت تھوڑے بال سفید تھے 


(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ۸ صفحہ ۵۰ مکتبہ ادبی دنیا دھلی)


اور فرماتے ہیں 


کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے سفید بالوں کے متعلق تین روایات ہیں (۱) چودہ بال شریف سفید تھے (۲) ۱۷ تھے (۳) بیس تھے 

ہو سکتا ہے کہ اولا ۱۴ بال شریف سفید ہوئے ہوں پھر آخر میں ۱۷ سرِ مبارک میں اور تین داڑھی شریف میں کل ۲۰ تھے لہٰذا تینوں روایات درست ہیں


(مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ۶ صفحہ ۱۲۰ مکتبہ ادبی دنیا دھلی)

 

اور، اسلامی حیرت انگیز معلومات میں ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے انیس بال سفید تھے

(صفحہ ۲۳۸ مکتبہ الھدی پبلیکیشنز دھلی)

اور ایسا ہی، فیضان عائشہ صدیقہ، میں ہے صفحہ ۴۰۸ مکتبہ دعوت اسلامی

 

 واللہ تعالی اعلم بالصواب 

کتبــــــــــــــــہ 

محمد معراج رضوی براہی سنبھل







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney