آب مستعمل کی تعریف!


سوال نمبر 2029

 الســـلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ آبِ مستعمل کی کیا تعریف ہے؟ مدلل و مفصل جواب عنایت فرمائیں، بہت مہربانی ہوگی۔

سائلہ: ریاض فاطمہ قادریہ اسماعیلیہ پتہ بارہ بنکی یوپی





وعلیکم السلام و رحمتہ اللہ و برکاتہ 

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب:

 مستعمل وہ قلیل پانی ہے جس نے بدن سے حدث کو زائل کیا ہو یا جسے ثواب حاصل کرنے کے واسطے بدن پر استعمال کیا گیا ہو جیسے وضو ہونے کے باوجود ثواب کی نیت سے دوبارہ وضو کرنا یا ثواب کی نیت سے کھانے کیلئے ہاتھ دھونا وغیرہ۔چنانچہ علامہ حسن بن عمار شرنبلالی حنفی علیہ الرحمہ متوفی١٠٦٩ھ لکھتے ہیں:طاھر غیر مطھر وھو ما استعمل لرفع الحدث او لقربة کالوضو علی الوضوء بنیتہ ویصیر الماء مستعملاً بمجرد انفصالہ عن الجسد۔(نور الایضاح،کتاب الطھارة،ص٢٧۔٢٨)

یعنی،مستعمل پانی پاک ہے لیکن پاک نہیں کرتا(یعنی وضو اور غسل نہیں ہوتا) اور یہ وہ پانی ہے جو حدث کو دور کرنے یا حصول ثواب کیلئے استعمال کیا گیا ہو، مثلاً وضو ہونے کے باوجود ثواب کی نیت سے دوبارہ وضو کیا جائے اور پانی بدن سے جدا ہوتے ہی مستعمل ہوجاتا ہے۔

   اور امام احمد رضا خان حنفی علیہ الرحمہ متوفی١٣٤٠ھ لکھتے ہیں:مستعمل وہ قلیل پانی ہے جس نے یا تو تطہیرِ نجاست حکمیہ سے کسی واجب کو ساقط کیا یعنی انسان کے کسی ایسے پارہ جسم کو مس کیا جس کی تطہیر وضو یا غسل سے بالفعل لازم تھی یا ظاہر بدن پر اس کا استعمال خود کارِ ثواب تھا اور استعمال کرنے والے نے اپنے بدن پر اسی امرِ ثواب کی نیت سے استعمال کیا اور یوں اسقاط واجب تطہیر یا اقامتِ قربت کرکے عضو سے جدا ہوا اگرچہ ہنوز کسی جگہ مستقر نہ ہوا بلکہ روانی میں ہے اور بعض نے زوال حرکت وحصول استقرار کی بھی شرط لگائی۔

(فتاوی رضویہ،کتاب الطھارة،باب المیاہ،٣/٢)

   اور صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ متوفی١٣٦٧ھ لکھتے ہیں:اگر ہاتھ دھلا ہوا ہے مگر پھر دھونے کی نیت سے ڈالا اور یہ دھونا ثواب کا کام ہو جیسے کھانے کے لیے یا و ضو کے لیے تو یہ پانی مستعمل ہوگیا یعنی وضو کے کام کا نہ رہا اور اس کو پینا بھی مکروہ ہے۔

(بہارِ شریعت،کتاب الطھارة،پانی کا بیان،حصہ دوم،صفحہ٥٥) 

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبہ:

محمد اُسامہ قادری

پاکستان،کراچی

ہفتہ،١٧ رجب١٤٤٣ھ۔١٩ فروری٢٠٢٢م







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney