مؤذن اذان پڑھ کر افطاری کرے یا پہلے؟


سوال نمبر 2085

 السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید ایک مسجد کا مؤذن ہے اور وہ روزہ کھول کر مغرب کی اذان پڑھتا ہے تو بکر نے کہا تم کو تو اذان پڑھ کر روزہ کھولنا چاہئے تو زید نے کہا اذان پڑھ کر روزہ کھولوں گا تو تاخیر کے وجہ سے روزہ مکروہ ہو جائے گا اب سوال یہ ہے کہ زید اذان پڑھ کر روزہ کھولے گا یا پھر اذان سے پہلے، علمائے کرام کی بارگاہ میں بڑے ادب واحترام کے ساتھ عرض ہے کہ رہنمائی فرمادیں، بڑا کرم ہوگا۔

(ساںٔل:محمد صدام حسین، کلکتہ)




وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

باسمہ تعالیٰ وتقدس الجواب:

صورت مسئولہ میں زید کو چاہیے کہ وہ افطار کرکے اذان دے کیونکہ اذان اسی وقت ہوتی ہے جب وقت شروع ہوجاتا ہے اور جب وقت شروع ہوجائے تو افطار کرسکتے ہیں بلکہ جلدی کرنا مستحب ہے اگرچہ اذان نہ ہوئی ہو اور اگر وقت شروع نہ ہوا ہو تو افطار نہیں کرسکتے ہیں اگرچہ اذان ہوجائے کیونکہ افطار کا وقت غروب آفتاب پر شروع ہوتا ہے۔چنانچہ قرآن کریم میں ہے:

اَتِمُّوا الصِّیَامَ اِلَى الَّیْلِ۔(البقرۃ:١٨٧/٢)

ترجمۂ کنز الایمان: پھر رات آنے تک روزے پورے کرو۔

   اور افطار میں جلدی کرنا انبیائے کرام کی سنت ہے لہٰذا اس پر عمل کرنا مستحب ہے۔ چنانچہ علامہ علاء الدین حصکفی حنفی متوفی١٠٨٨ لکھتے ہیں:

وَيُسْتَحَبُّ السُّحُورُ وَتَأْخِيرُهُ وَتَعْجِيلُ الْفِطْرِ لِحَدِيثِ «ثَلَاثٌ مِنْ أَخْلَاقِ الْمُرْسَلِينَ: تَعْجِيلُ الْإِفْطَارِ، وَتَأْخِيرُ السَّحُورِ، وَالسِّوَاكُ»۔

(الدر المختار مع شرحہ رد المحتار،ص١٠٧٦،١٠٧٥)

یعنی،سحری کھانا اور اس میں تاخیر کرنا مستحب ہے جبکہ افطار میں جلدی کرنا مستحب ہے کیونکہ حدیث شریف میں ہے:تین چیزیں مرسلین یعنی رسولوں کے عادات سے ہیں:افطار میں جلدی کرنا، سحری میں تاخیر کرنا اور مسواک کرنا۔

   اور صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی حنفی متوفی١٣٦٧ھ علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:افطار میں جلدی کرنا مستحب ہے، مگر افطار اس وقت کرے کہ غروب کا غالب گمان ہو، جب تک گمان غالب نہ ہو افطار نہ کرے، اگرچہ مؤذن نے اذان کہہ دی ہے اور اَبر کے دنوں(یعنی جن دنوں بادل چھائے ہوں) میں افطار میں جلدی نہ چاہیے۔

(بہار شریعت،٩٩٨/١۔٩٩٩)


واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبہ:محمد اسامہ قادری

پاکستان،کراچی

ہفتہ،٢٩/شعبان،١٤٤٣ھ۔٢/اپریل،٢٠٢٢ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney