سب سے افضل خاتون کون ہیں؟


سوال نمبر 2090

 السلام علیکم ورحمةاللہ وبرکاتہ


کیا فرماتے ہیں علماۓ دین اس بابت کہ کائنات کی سب سے افضل عورت کون ہیں ؟ 

حوالہ جات کےساتھ جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی 

المستفتی ۔۔۔محمد صلاح الدین قادری آزاد نگر لدھیانہ پنجاب. الہند




وعلیکم السلام ورحمةاللہ وبرکاتہ

الجواب۔بعون الملک الوھاب ۔

ساری کائنات میں سب سے افضل عورت سیدة نساءالعالمین شہزادی رحمةاللعالمین حضرت سیدہ طیبہ طاہرہ خاتون جنت فاطمة الزہرا رضی اللہ تعالی عنہا ہیں ۔ 


استاذالفقہاء حضور فقیہ ملت علامہ مفتی جلال الدین احمدالامجدی علیہ الرحمةوالرضوان تحریرفرماتےہیں ،، بیشک حضور سیدعالم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی لخت جگر حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالی عنہا سارے جہان کی تمام عورتوں سے یہاں تک کی حضرت مریم رضی اللہ تعالی عنہا سے بھی افضل ہیں ۔

جیساکہ حدیث شریف میں ہےکہ ،، 

حضرت عبداللہ بن عبدالبر رضی اللہ تعالی عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضوراقدس صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے حضرت فاطمہ زہراء رضی اللہ تعالی عنہا سے فرمایا ،، 

یا بنیة الا ترضین انك سیدة نساء العالمین ۔

یعنی اے بیٹی ! کیاتم اس بات پر راضی نہیں کہ تم سارے جہان کی عورتوں کی سردار ہو ؟ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا نے عرض کیا اباجان ! پھر حضرت مریم رضی اللہ تعالی عنہا کا کیا مقام ہے ؟ حضوراقدس صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نےفرمایا ،، تلك سیدة نساء عالمھا ۔یعنی وہ اپنے زمانے کی عورتوں کی سردار ہیں ۔ 


حضرت علامہ نبہانی رحمةاللہ تعالی علیہ اس حدیث شریف کونقل کرنے کے بعد تحریر فرماتےہیں ،، صرح بافضیلتھا علی سائرالنساء حق السیدة مریم کثیر من العلماءالمحققین منھم التقی السبکی والجلال السیوطی والبدرالزرکشی والتقی المقریزی ۔

یعنی تمام عورتوں یہاں تک کہ حضرت مریم پر حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کے افضل ہونے کی بہت سے علماء محققین نے تصریح فرمائی ہے جن میں علامہ تقی الدین سبکی ، علامہ جلال الدین سیوطی علامہ بدرالدین زرکشی علامہ تقی الدین مقریزی شامل ہیں ۔ 


(بحوالہ الشرف المۏبد صفحہ ٥٤ ) 

فتاوی فیض الرسول جلددوم صفحہ ٦٨٢ ۔

  

اور دوسری حدیث شریف میں ہے ،، فاطمة سیدة نساء اھل الجنة ۔

یعنی حضوراقدس صلی اللہ تعالی علیہ وسلم ارشادفرماتے ہیں کہ حضرت فاطمہ زہراء رضی اللہ تعالی عنہا جنتی عورتوں کی سردار ہیں ۔ 


صحیح البخاری جلداول صفحہ ٥٣٢ ۔ 


اور حضرت علامہ ابن ابوداؤد رحمةاللہ تعالی علیہ سے جب اس کے بارے میں سوال کیاگیا تو انھوں نے فرمایا کہ حضوراقدس صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کو اپنے جسم کا ٹکڑا فرمایا ہے تو میں کسی کو حضوراقدس کے پارۀ جسم کے برابر نہیں قرار دے سکتا ۔ 

برکات آل رسول صفحہ ١٢٢۔


حدیث شریف میں ہے ،، 

عن المسور بن مخرمة ان رسول الله صلی الله تعالی علیه وسلم قال فاطمة بضعةمنی فمن اغضبھا اغضبنی وفی روایة یریبنی ماارابھاویوذینی مااذاھا ۔

(رواہ البخاری والمسلم)

حضرت مسور بن مخرمہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا فاطمہ میرے جسم کا ٹکڑا ہے جس نے اسے ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا دوسری روایت میں ہے کہ وہ چیزمجھے پریشان کرتی ہے جو اسے پریشان کرے اور مجھے تکلیف دیتی ہے جواسے تکلیف دے ۔ 

(مشکوٰةالمصابیح۔ صفحہ ٥٦٨ ) ومشکواة شریف مترجم جلدسوم صفحہ ٢٥٤ ۔ 


لہٰذا ۔۔۔ ان احادیث کریمہ کی روشنی میں یہ بات واضح طور پر ثابت ہوگیا کہ حضرت خاتون جنت فاطمہ زہراء رضی اللہ تعالی عنہا کائنات کی ساری عورتوں میں سب سے افضل واعلی عورت ہیں ۔ 


وھوسبحانہ تعالی اعلم بالصواب 


کتبه 


العبد ابوالفیضان محمّد عتیق اللّه صدیقی فیضی یارعلوی ارشدی عفی عنہ

دارالعلوم اھلسنت محی الاسلام 

بتھریاکلاں ڈومریا گنج سدھارتھنگر یوپی ۔ 

١٩ شعبان المعظم ١٤٤٣ھ 

٢٣ مارچ ٢٠٢٢ء







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney