سگریٹ پیتے وقت بسم اللہ پڑھنا کیسا ہے؟

(سوال نمبر2257 )

 السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماء کرام مسٔلہ ذیل کے بارے میں کہ حقہ سگریٹ نوشی کرتے وقت بسم اللہ پڑھنا جائز ہے یا نہیں ؟
سائل : محمد رافع کمال ،حسن پور کلاں گجرولہ یوپی 

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک العزیز الوھاب

حقہ یا سگریٹ پیتے وقت بسم اللہ پڑھنا مکروہ و ممنوع ہے ایسے ہی ہر ایک بدبو دار شئ کو کھاتے یا پیتے یا استعمال کرتے وقت بسم اللہ شریف پڑھنے کو فقہاء کرام نے مکروہ قرار دیا ہے !
علامہ سیدامین ابن عابدین شامی حنفی متوفی١٢٥٢ھ تحریر فرماتےہیں۔۔تکرہ {ای کراہت تنزیہی} عندشرب الدخان أی ونحوہ من کل ذی راٸحة کریھة کأکل ثوم وبصل'یعنی ۔ حقہ سگریٹ پینے کے وقت اور ہر بدبودار چیز استعمال کرنے کے وقت بسم اللہ پڑھنا مکروہ ہے جیسے تھوم، پیاز وغیرہ کھانا(الدرالمختار شرح علی تنویرالابصار ، المجلدالاول ، ص ٨٠{بیروت لبنان}

تنبیہ ،بعضوں کو دیکھا گیا ہے کہ حقہ بیڑی سگریٹ  نوشی کرتے وقت بائیں ہاتھ سے پیتے ہیں فقہاء کرام نے حقہ سگریٹ نوشی کرتے وقت بھی دائیں ہاتھ سے ہی پینے کا حکم دیا ہے سگریٹ نوشی کے وقت بسم اللہ شریف پڑھنے کی ممانعت کی یہ حکمت بیان کی ہے کہ بسم اللہ شریف شیطان کی مداخلت سے بچنے کے لئے پڑھی جاتی ہے اور یہاں اگر شیطان شریک ہوا بھی تو  دھواں ہی حاصل ہوگا جو کہ نقصان دہ ہے۔واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب
کتبہ
محمد معراج رضوی براہی سنبھل یوپی الھند
٣ ربیع الاول ١٤٤٤ھ







ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Created By SRRazmi Powered By SRMoney