سوال نمبر 2597
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
علماء اکرام کی بارگاہ میں عرض ہے کہ امام صاحب مغرب کی نماز میں آخری رکعت میں التحیات اور درود ابراہیم اور دعا ماثورہ پڑھنے کے بعد شک کی بنیاد پر کھڑے ہو رہے تھے اتنے میں پیچھے سے لقمہ دیا گیا تو ایسی حالت میں اب کیا کرے پھر سے التحیات پڑھ کر سجدہ سہو کرے یہ سیدھے سلام پھیرے؟
بحوالہ جواب عنایت فرمائیں۔
المستفتی: حافظ عبدالرحیم
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوھاب: اگر امام صاحب نے تشہد کے بعد شک کی بنا پر ایک رکن (یعنی تین مرتبہ سبحان اللہ کہنے) کی مقدار خاموش رہ کر سوچنے کے بعد کھڑے ہونے کے لئے تکبیر کہی تو سجدۂ سہو واجب ہوگیا اور اگر سوچے بغیر سیدھا کھڑا ہونے لگا اور مقتدی نے لقمہ دے دیا تو امام اگر سیدھا کھڑا ہونے یا قیام کے قریب ہونے سے پہلے بیٹھ گیا تو اس پر سجدۂ سہو نہیں ہے بیٹھنے کے بعد فوراً سلام پھیر سکتا ہے جبکہ تشہد مکمل پڑھ لیا اور امام سیدھا کھڑا ہونے یا قیام کے قریب ہونے کے بعد بیٹھا تو اب سجدۂ سہو واجب ہے سجدۂ کرے پھر التحیات، دورود و دعاء ماثورہ پڑھ کر سلام پھیرے۔
حضرت شیخ نظام الدین اور علماء ہند کی ایک جماعت نے تحریر فرمایا ہے:
و إذا قعد المصلي في صلاته وتشهد ثم شك أنه صلى ثلاثا أو أربعا حتى شغله ذلك عن التسليم ثم استيقن أنه صلى أربعا فاتم صلاته فعليه سجدتا السهو اه.....
(ترجمہ: اور جب مصلی نے نماز میں قعدہ کیا پھر اسے شک ہوا کہ اس نے تین رکعتیں پڑھی یا چار یہاں تک کہ اس میں مشغول ہوگیا سلام پھیرنے سے پھر یقین ہوا کہ چار پڑھ چکا ہے پھر نماز کو مکمل کیا تو اس سہو کے دو سجدے ہیں۔
(فتاویٰ عالمگیری، کتاب الصلاۃ، الباب الثانی عشر فی سجود السہو، جلد ١، صفحہ ١٢٨، مطبوعہ بولاق مصر المحمیۃ)۔
حضور صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ:
اگر بقدرِ تشہد قعدۂ اخیرہ کرچکا ہے اور کھڑا ہوگیا تو جب تک اس رکعت کا سجدہ نہ کیا ہو لوٹ آئے اور سجدۂ سہو کرکے سلام پھیر دے۔
(بہار شریعت، جلد ١، حصہ ٤، صفحہ ٧١٢، مطبوعہ دعوت اسلامی)۔
اور اسی میں آگے فرماتے ہیں کہ:
تشہد کے بعد یہ شک ہوا کہ تین ہوئی یا چار اور ایک رکن کی قدر خاموش رہا اور سوچتا رہا، پھر یقین ہوا کہ چار ہوگئیں تو سجدۂ سہو واجب ہے اور اگر ایک طرف سلام پھیرنے کے بعد ایسا ہوا تو کچھ نہیں۔(صفحہ ٧١٩)۔
والله تعالیٰ عزوجل و رسوله ﷺ أعلم بالصواب۔
کتبه: عبد الوکیل صدیقی نقشبندی پھلودی راجستھان الھند
خادم: الجامعۃ الصدیقیہ سوجا شریف باڑمیر راجستھان الھند
٢١ محرم الحرام ١٤٤٦ھجری۔ ٢٨ جولائی ٢٠٢٤عیسوی۔ بروز اتوار۔
0 تبصرے